بلوچستان کے علاقے سوراب اور بختیار آباد میں فائرنگ کے مختلف واقعات میں 3 افراد ہلاک ہوگئے۔
سوراب کے علاقے جیوا لاکھوریان کے مقام پر کوئٹہ کراچی قومی شاہراہ پر نامعلوم مسلح افراد کی فائرنگ سے دو افراد ہلاک ہو گئے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ مقتولین معمول کے مطابق کار میں سفر کر رہے تھے۔
عینی شاہدین کے مطابق، کار پر اچانک اندھا دھند فائرنگ کی گئی، جس کے نتیجے میں دونوں افراد موقع پر ہی دم توڑ گئے۔
اطلاع ملنے پر لیویز فورس نے موقع پر پہنچ کر لاشوں کو اپنی تحویل میں لیا اور سول اسپتال سوراب منتقل کر دیا۔
ہلاک ہونے والوں کی شناخت رسول بخش ولد عبدالنبی زہری، عمر تقریباً 45 سال، سکنہ محلہ جیوا، تحصیل مہر آباد، ضلع سوراب، اور طالب علی ولد رحیم بخش، عمر 25 سال، سکنہ جیوا، لاکھوریان کے طور پر کی گئی ہے۔
لیویز حکام کے مطابق واقعے کی تفتیش شروع کر دی گئی ہے اور جائے وقوعہ سے شواہد اکٹھے کر لیے گئے ہیں قانونی کارروائی مکمل ہونے کے بعد میتیں ورثاء کے حوالے کر دی گئیں۔
دوسری جانب ضلع لہڑی کے علاقے بختیار آباد میں نامعلوم مسلح افراد نے فائرنگ کرکے ایک شخص کو قتل کردیا اور فرار ہوگئے۔
لیویز کے مطابق بختیار آباد کے علاقے میں نامعلوم مسلح افراد نے فائرنگ کرکے ایک شخص کوقتل کردیا۔
لیویز کے عملے نے موقع پر پہنچ کر لاش ہسپتال منتقل کردی جس کی شناخت علی بابا کے نام سے کی گئی۔
لاش ضروری کارروائی کے بعد ورثاءکے حوالے کردی گئی۔
مزید کارروائی مقامی انتظامیہ کررہی ہے۔