کولمبیا میں کار بم دھماکے میں 5 افراد ہلاک ، درجنوں زخمی

ایڈمن
ایڈمن
2 Min Read

کولمبیا کے مغربی شہر کیلی میں سڑک پر کھڑی کار میں بم دھماکے کے نتیجے میں کم از کم 5 افراد ہلاک اور درجنوں زخمی ہو گئے ہیں۔

پولیس حکام کے مطابق دھماکے میں شہر کے شمال میں مارکو فیڈل سواریز ملٹری ایوی ایشن سکول کو نشانہ بنانے کی کوشش کی گئی۔

پولیس کے مطابق ابتدائی اطلاعات کے مطابق اس میں 36 افراد زخمی ہوئے ہیں جبکہ اردگرد موجود عمارتوں کو بھی شدید نقصان پہنچا ہے۔

کیلی کے میئر الیجینڈرو ایڈر نے حملے کی مذمت کرتے ہوئے ذمہ داروں کے بارے میں معلومات فراہم کرنے کے لیے بڑے انعام کا اعلان کیا ہے۔

بم دھماکے کے بعد حفاظت کے پیش نظر انھوں نے کئی عمارتوں اور سکولوں کو خالی کرنے کا حکم دیا اور شہر میں بڑے ٹرکوں کے داخلے پر پابندی لگا دی۔

یاد رہے کہ اس سے قبل جمعرات کو شمال مغربی شہر میڈلین کے قریب دیہی علاقے میں پولیس کے ایک ہیلی کاپٹر پر حملے میں کم از کم 12 افراد ہلاک ہو گئے تھے۔

ان حالیہ حملوں کے بعد حکومت نے قومی سلامتی کونسل کا اجلاس طلب کر لیا ہے۔

عینی شاہدین کے مطابق کیلی میں ہونے والے کار بم دھماکے میں گلیوں میں موجود شہری ہلاک ہوئے جبکہ کئی گھروں کو نقصان پہنچا۔

ایک عینی شاہد نے خبر رساں ادارے اے ایف پی کو بتایا کہ ’ ایئر بیس کے قریب کسی چیز کے پھٹنے کی زوردار آواز آئی۔‘

Share This Article