بلوچستان سے تعلق رکھنے والے 2 نوجوان کراچی میں قتل

ایڈمن
ایڈمن
3 Min Read

پاکستان کے صوبہ سندھ کے مرکزی شہر کراچی کے علاقے سعید آبادمیں ہو ٹل پر فائرنگ سے بلوچستان کے علاقے قلعہ عبداللہ اور حب سے تعلق رکھنے والے 2 نوجوان قتل ہوگئے۔

کراچی کے علاقے سعید آباد میں نامعلوم افراد نے فائرنگ کرکے دو نوجوانوں کو قتل کردیا۔

ڈپٹی انسپکٹر جنرل ( ڈی آئی جی ) ساؤتھ سید اسد رضا کے مطابق 25 سالہ حبیب الرحمٰن اور 28 سالہ عبدالوہاب پر نیول کالونی کے قریب ایک ریسٹورنٹ میں مسلح افراد نے حملہ کیا، انہیں گولیاں لگنے سے شدید زخم آئے اور انہیں ڈاکٹر روتھ فاؤ سول ہسپتال کراچی منتقل کیا گیا جہاں ان کی موت کی تصدیق کر دی گئی۔

ان کا کہنا تھا کہ اصل ہدف حبیب تھا جس کا کسی کے ساتھ جائیداد کا تنازع چل رہا تھا۔

انہوں نے بتایا کہ چند روز قبل دونوں فریقین کے درمیان جھگڑا بھی ہوا تھا اور اس سلسلے میں ایک جرگہ بھی ہوا تھا۔

انہوں نے بتایا کہ علاقے سے حاصل کی گئی سی سی ٹی وی فوٹیج میں دکھایا گیا ہے کہ ایک مسلح شخص پیدل ریسٹورنٹ میں داخل ہوا، اندر موجود افراد پر فائرنگ کی اور فرار ہو گیا۔

سعید آباد پولیس نے دو نامعلوم ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کر لیا۔

ہوٹل کے مالک اسرار نے بتایا کہ مقتول وہاب کا گھر ضلع بلوچستان حب چوکی کے قریب ہے جب کہ اس کا آبائی تعلق محلہ سلطان پور ، پنو عاقل ضلع سکھر سے تھا ۔ مقتول وہاب 2 بیٹوں کا باپ تھا ، ہوٹل میں رات کی ڈیوٹی کرتا تھا اور ڈیوٹی ختم کر کے اپنے گھر حب چلا جاتا تھا ۔

انہوں نے مزید بتایا کہ مقتول حبیب اللہ کا آبائی تعلق ضلع بلوچستان کوئٹہ سے کچھ فاصلے پر واقع ڈاکخانہ میزئی آذہ بدوان تحصیل ضلع قلعہ سے تھا اور 4 دن دن قبل بطور مہمان آیا تھا اور کراچی میں کام ڈھونڈ رہا تھا ۔ ہماری یا مرنے والوں کی کسی سے کوئی دشمنی نہیں تھی ۔

انہوں نے بتایا کہ واردت کے وقت وہ ہوٹل پر موجود نہیں تھے، تاہم اطلاع ملنے پر سیدھا اسپتال پہنچے، تاہم اب تک کی اطلاع کے مطابق 2 ملزمان ڈکیتی کی نیت سے آئے تھے اور ملزمان مقتولین کا موبائل فون اور نقدی چھین کر لے گئے ۔

پولیس کا ابتدائی طور پر کہنا ہے کہ فائرنگ کا واقعہ ذاتی دشمنی کا شاخسانہ ہے ۔ہلاک افراد کا چند روز قبل جھگڑا بھی ہوا تھا ۔

واقعے کے حوالے سے مزید تحقیقات کی جارہی ہیں ۔

پولیس نے مقتولین کی لاشیں کارروائی کے بعد ہوٹل کے مالک کے حوالے کر دیں ۔

ہوٹل کے مالک اسرار کا کہنا تھا کہ وہاب اور حبیب اللہ کی لاشیں آبائی علاقے بھجوائی جا رہی ہیں ۔

Share This Article