بلوچستان کے علاقے بولان اور قلات میں بم حملہ اور فائرنگ کے دو مختلف واقعات میں 2 افراد ہلاک اور 4 زخمی ہوگئے۔
بولان کے علاقہ آب گم گاؤں میں نامعلوم افراد کی جانب سے گھر کے باہر بیٹھے افراد پر ہینڈ گرنیڈ سے حملہ کیا گیا جس کے نتیجے میں ایک شخص ہلاک جبکہ تین شدید زخمی ہو گئے۔
ایس ایس پی کچھی رانا محمد دلاور کے مطابق واقعہ رات کے وقت پیش آیا جب نامعلوم حملہ آور اندھیرے کا فائدہ اٹھا کر موقع سے فرار ہو گئے۔
ہلاک ہونے والے شخص کی شناخت احمد کے نام سے ہوگئی ہے جبکہ زخمیوں میں ذوہیب، وادود اور میر ہزار شامل ہیں۔
تمام زخمیوں اور ہلاک شخص کو فوری طور پر سول ہسپتال مچھ منتقل کیا گیا ہے ۔
ایس ایس پی کے مطابق تمام متاثرین کا تعلق راہیجہ قبیلے سے ہے۔
واقعے کے بعد پولیس اور قانون نافذ کرنے والے اداروں نے علاقے کو گھیرے میں لے کر سرچ آپریشن شروع کر دیا ہے، جبکہ حملہ آوروں کی تلاش کے لیے مزید کارروائیاں جاری ہیں۔
دوسری جانب قلات شہر میں نامعلوم مسلح افراد کی فائرنگ سے اللہ بخش ولد محمد اکبر پندرانی سکنہ ہربوئی نامی شخص ہلاک ہوگیا۔
جبکہ محمد اسلام ولد عبدالرحیم قوم پندرانی سکنہ ہربوئی زخمی ہوگیا ۔
حملہ آور موقع سے فرار ہوگئے۔
فوری طور واقعہ کی وجہ معلوم نہ ہوسکی۔