بلوچستان کے علاقے تربت اور ڈھاڈر میں فائرنگ سے 2 افراد ہلاک ہوگئے ۔ جبکہ منگچر سے گولیوں سے چھلنی ایک نعش برآمدہوئی ہے ۔
ضلع کیچ کے مرکزی شہر تربت میں فائرنگ سے اسلحہ ڈیلر عاقب شکاری ہلاک ہو گئے۔
علاقائی ذرائع کا کہنا ہے کہ مقتول اپنے گھر سے نکل کر شہر کی سمت جا رہے تھے کہ نامعلوم مسلح افراد نے انہیں نشانہ بنایا۔
فائرنگ کے نتیجے میں عاقب کو تین گولیاں لگیں،جنہیں زخمی حالت میں فوری طور پر طبی امداد کے لیے تربت ٹیچنگ اسپتال منتقل کیا گیا، تاہم وہ زخموں کی تاب نہ لا کردم توڑ گئے۔
فائرنگ کرنے والے حملہ آور موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔
پولیس نے جائے وقوعہ کو گھیرے میں لے کر تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے۔
تاہم تاحال کوئی گرفتاری عمل میں نہیں آ سکی ہے۔
دوسری جانب بولان کے علاقے ڈھاڈر میں رند علی بائی پاس کے قریب نامعلوم افراد کی فائرنگ سے ایک شخص ہلاک ہوگیا۔
پولیس ذرائع کے مطابق واقعہ اس وقت پیش آیا جب موٹر سائیکل سوار حملہ آوروں نے نجاوت جتوئی نامی شخص پر فائرنگ کی۔
فائرنگ کے نتیجے میں مذکورہ شخص موقع پر ہی دم توڑ گیا۔
حملہ آور واردات کے بعد فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔
لاش کو ضروری کارروائی کے بعد ورثا کے حوالے کر دیا گیا ہے، جبکہ پولیس نے تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے۔
واقعے کی وجوہات فوری طور پر معلوم نہیں ہوسکیں۔
دریں اثنا تحصیل منگچرسے ایک شخص کی گولیوں سے چھلنی نعش برآمد ہوئی ہے۔
علاقائی ذرائع کا کہنا ہے کہ گزشتہ رات علاقے میں فائرنگ کی آوازیں سنی گئیں اور صبح روڈ کنارے نعش برآمد ہوئی ۔
لیویز فورس منگچر نے نعش شناخت کے لیے آر ایچ سی مندے حاجی منگچر منتقل کردیا ہے جس کے ورثاء کی تلاش ہے۔
لیویز واقعے کی تفتیش کررہی ہے۔