بلوچستان کے علاقے مستونگ اور کوئٹہ میں فائرنگ کے دو مختلف واقعات میں 2 افراد ہلاک ہوگئے۔
مستونگ شہرسے اطلاعات ہیں کہ آج بروزبدھ کو فائرنگ کے ایک واقعہ میں ایک نوجوان ہلاک ہو گیا۔
پولیس کے مطابق، فائرنگ کا یہ واقعہ مستونگ کے معروف الحفیظ ہوٹل کے قریب پیش آیا جہاں نامعلوم افراد نے نوجوان پر فائرنگ کی۔
واقعے کے نتیجے میں نوجوان شدید زخمی ہوا اور موقع پر ہی ہلاک ہو گیا۔
ہلاک نوجوان کی شناخت سید احسان شاہ کے نام سے کی گئی ہے۔
لاش کو فوری طور پر قریبی اسپتال منتقل کر دیا گیا، جہاں ضابطے کی کارروائی مکمل کی جا رہی ہے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ واقعے کی تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں اور جائے وقوعہ سے شواہد اکھٹے کیے جا رہے ہیں۔ فائرنگ کی وجوہات تاحال معلوم نہیں ہو سکیں۔
دوسری جانب کوئٹہ کے علاقے سریاب روڈ پر واقع طارق ہسپتال کے قریب نامعلوم مسلح افراد کی فائرنگ سے ایک شخص ہلاک جبکہ دوسرا زخمی ہوگیا۔
پولیس کے مطابق واقعہ منگل کے روز پیش آیا جب نامعلوم مسلح افراد نے دونوں پر فائرنگ کی۔
ہلاک ہونے والا شخص موقع پر دم توڑ گیا جبکہ زخمی شخص کو فوری طور پر قریبی ہسپتال منتقل کیا گیا، جہاں ڈاکٹروں نے اس کی حالت خطرے سے باہر بتائی۔
پولیس ذرائع کے مطابق فائرنگ کا نشانہ بننے والے افراد کی شناخت بابر ولد محمد اکرم سکنہ اقبال کرانی اور گلزار ولد نصیر احمد سکنہ کرانی روڈ کوئٹہ کے ناموں سے ہوئی ہیں۔
فائرنگ کے بعد حملہ آور موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔
پولیس نے جائے وقوعہ کو گھیرے میں لے کر شواہد اکٹھے کرلیے ہیں جبکہ واقعے کی تفتیش جاری ہے۔
تاہم ابھی تک واقعے کے محرقات معلوم نہیں ہوسکے۔