تربت : نرسنگ کالج بند، ہاسٹل کوخالی کرنے کا حکم

ایڈمن
ایڈمن
2 Min Read

بلوچستان کے ضلع کیچ کے مرکزی شہر تربت میں واقع نرسنگ کالج کی طالبات نے میڈیا کو جاری کردہ اپنے بیان میں بتایا کہ نرسنگ کالج تربت کی پرنسپل نے انہیں ہاسٹل خالی کرنے کا حکم دیاہے اور کالج کو بند کر دیا ہے ،وجہ یہ بتائی گئی ہےکہ گزشتہ دو ہفتوں سے وہاں بجلی نہیں ہے۔

کالج کی بندش اور ہاسٹل خالی کرانے کے فیصلے کے بعد طالبات کو شدید پریشانی کاسامنا کرنا ہے اور امتحانات بھی قریب ہیں۔

طالبات کا کہنا ہے کہ یکم جون سے مختلف سیمسٹر کے امتحانات ہونے تھے لیکن پرنسپل نے ہمیں یہ کہاہےکہ ابھی جائیں عیدکے بعد آئیں اور رہائش کا بندوبست خود سے کرلیں۔

طالبات نے یہ بھی بتایا کہ ہمیں پرنسپل کی جانب بتایا گیا ہے کہ ہم بجلی فراہم نہیں کرسکتے لہذا آپ لوگ باہر رہائش اختیار کریں جس سے کئی طالبات پریشانی میں گھر بھی چلے گئے ہیں اور پڑھائی شدید متاثر ہے۔

طالبات کا کہنا ہے کہ ہمیں اساتذہ کی بھی کمی کا سامنا ہے ،کچھ مستقل اساتذہ ہیں جبکہ کنٹریکٹ بنیادوں پر بعض اساتذہ رکھے گئے ہیں جن کے تنخواہ کیلئے طالبات پیسہ دیتے ہیں۔

طالبات کا کہنا تھا کہ بنیادی سہولیات ناپید ہیں،جبکہ حالیہ دنوں بحران نے مزید شدت اختیار کیاہے جبکہ گزشتہ دوسالوں سے اسکالرشپ بھی بند کیے گئے ہیں ، باہر رہائش کیلئے ہمارے پاس پیسے نہیں ہیں۔

انہوں نے مطالبہ کیاکہ ہمیں پڑھائی کا حق دیا جائے اور بنیادی ضروریات پورا کیے جائیں اور کالج کو کھولا جائے۔

واضع رہے کہ بلوچ قوم کی نئی نسل کو تعلیم سے جنونی دلچسپی کے پیش نظر بلوچستان بھر میں تعلیمی اداروں میں ان کے لئے مشکلات کھڑی کئے جارہے ہیں۔ کوئٹہ میں بولان میڈیکل کالج کئی مہینوں سے بند ہے ۔اور ایسے درجنوں تعلیمی ادارے ہیں جنہیں عسکری حکام کی ایما پر بند کردیا گیا ہے جس کا مقصد صرف بلوچ قوم کو تعلیم سے دور رکھنا ہے۔

Share This Article