پاکستان کا ایران سے 8 پاکستانی شہریوں کے قاتلوں کی گرفتاری کا مطالبہ

ایڈمن
ایڈمن
2 Min Read

پاکستان کے وزیرِ اعظم شہباز شریف نے مغربی بلوچستان کے علاقے مہرستان میں 8 پاکستانیوں کے قتل پر دکھ کا اظہار کرتے ہوئے ایرانی حکومت سے ملزمان کی گرفتاری کا مطالبہ کیا ہے۔

ایرانی خبر رساں ادارے ’حال وش‘ کی جانب سے اس واقعے سے متعلق جاری تفصیلات میں کہا گیا ہے کہ ہلاک ہونے والے 8 پاکستانیوں کا تعلق پاکستان کے صوبہ پنجاب سے ہے اور وہ ایران میں گاڑیوں کی مرمت کا کام کرتے تھے۔

خبر رساں ادارے نے مقامی ذرائع کا حوالہ دیتے ہوئے اپنی خبر میں لکھا ہے کہ مہرستان کے گاؤں میں جب لاشوں کو جائے وقوعہ سے برآمد کیا گیا تو ہلاک ہونے والے تمام پاکستانیوں کے ہاتھ پیر بندھے ہوئے تھے۔

مزید یہ کہ پاکستان کے صوبہ پنجاب سے تعلق رکھنے والے اِن افراد، جو ایران میں گاڑیوں کی مرمت کا کام کرتے تھے، کو نامعلوم مسلح افراد نے ہلاک کیا ہے۔

تاہم ایرانی دفتر خارجہ نے تاحال اس معاملے پر کوئی تبصرہ نہیں کیا ہے۔

دوسری جانب پاکستانی حکام کی جانب سے ہلاک ہونے والے پاکستانیوں کی میتوں کی وطن واپسی کے لیے ایران حکام سے رابطے کی کوشش جاری ہے۔

سنیچر کو وزیرِ اعظم ہاؤس سے جاری ایک بیان میں شہباز شریف کا کہنا تھا کہ ’ایرانی حکومت ملزمان کو فوری طور پر گرفتار کرنے کے بعد قرار واقعی سزا دے اور اس بہیمانہ اقدام کی وجوہات عوام کے سامنے لائے۔‘

وزیر اعظم ہاؤس سے جاری بیان کے مطابق شہباز شریف نے وزارتِ خارجہ کو ہلاک ہونے والے پاکستانیوں کے اہلِ خانہ سے رابطہ کرنے اور ایران میں پاکستانی سفارتخانے کو انکی میتوں کی باحفاظت واپسی کے لیے اقدامات کرنے کی بھی ہدایات دی ہیں۔

پاکستانی دفترِ خارجہ کے ترجمان کے مطابق ’ہمیں اس المناک واقعے کا علم ہے اور ہم ایرانی حکام سے رابطے میں ہیں۔‘

Share This Article