ترک فوج کی دراندازی روکنے کیلئے عراقی سرحد پر فوجی چوکیاں قائم

ایڈمن
ایڈمن
2 Min Read

عراق کی مسلح افواج نے ترکی کی سرحد سے متصل علاقوں میں اضافی نفری تعینات کرنے کے ساتھ ترکوں کی دراندازی روکنے کے لیے مزید چوکیاں قائم کرنا شروع کی ہیں۔

عراق کی سیکیورٹی فورسز کے عہدیداروں نے جمعہ کے روز بتایا کہ فوج نے ترکی کی سرحد پر ترک فوج کی درندازی روکنے کے لیے اضافی چیک پوسٹیں قائم کی ہیں۔ یہ اقدام ترکی کی جانب سے عراق میں کرد باغیوں کے ٹھکانوں پر دو ہفتےسے جاری بمباری کے بعد کیا ہے۔ ترک فوج شمالی عراق میں صوبہ کردستان میں کردوں کے خلاف آپریشن جاری رکھے ہوئے ہے۔

عراقی حکام نے بتایا کہ فوج نے ترکی کی سرحد سے متصل علاقوں میں دراندازی روکنے کے لیے کم سے کم 12 چیک پوسٹیں قائم کی ہیں۔ یہ چیک پوسٹیں کردستان ورکرز پارٹی کے ارکان کے تعاقب اور ترک فوج کی سرحدی دراندازی روکنے کے لیے قائم کی گئی ہیں۔

خیال رہے کہ ترکی کا دعویٰ ہے کہ شمالی عراق کے صوبہ کردستان میں کرد باغیوں نے اپنے ٹھکانے بنا رکھے ہیں جو ترکی سے علاحدگی کی تحریک چلانے کے ساتھ ساتھ ترکی پر حملے بھی کرتے ہیں۔ ترکی نے سترہ جون کو شمالی عراق میں کرد باغیوں کے خلاف فوجی آپریشن شروع کیا تھا۔

ترکی کے جنگی طیاروں کی کردستان میں بمباری سے کرد باغیوں کے علاوہ عام شہری بھی جاں بحق ہوئے ہیں۔ ترک طیاروں کی بم باری سے فوت ہونے والے عام شہریوں کی تعداد چھ بتائی جاتی ہے۔

Share This Article
Leave a Comment