جعفر ایکسپریس حملہ پر حملے کے بعد کوئٹہ سے اندرون پاکستان کیلئے ٹرین سروس غیرمعینہ مدت کیلئے معطل کردی گئی ہے۔
ریلوے حکام کے مطابق کوئٹہ سے اندرون ملک کے لیے ٹرین سروس کی معطلی کا آج چوتھا روز ہے، ٹرین سروس غیرمعینہ مدت کے لیے معطل کی گئی ہے جب کہ ضلع کچھی میں ریلوے ٹریک کی مرمت سکیورٹی کلیئرنس کے بعد ہوگی۔
دوسری جانب ڈویژنل سپرنٹنڈنٹ ریلویز کوئٹہ عمران حیات نے جیو نیوز کو بتایا کہ کچھی میں پیروکنری کے قریب ٹریک کی مرمت کیلئے ابھی تک سکیورٹی کلیئرنس نہیں ملی، ہماری ٹیمیں مچھ اور مشکاف میں موجود ہیں، ٹریک کی مرمت کا کام سکیورٹی کلیئرنس کےبعد شروع ہوگا، پہلےجعفرایکسپریس کو ٹریک سے ہٹایا جائےگاپھراس کی مرمت ہوگی۔
یاد رہے کہ گیارہ مارچ کو جعفرایکسپریس کو بولان کے علاقے مشکاف سے بلوچ عسکریت پسندوں نے ہائی جیک کیا تھا۔
اس ہائی جیکنگ کو دنیا کی تاریخ میں دوسری بڑی ٹرین ہائی جیکنگ قرار دیاجارہا ہے۔
بی ایل اے نے ہائی جیکنگ کی ذمہ داری قبول کرلی تھی اور دعویٰ کیا ہے کہ اس نے 214 سیکورٹی فورسز کے اہلکار جو اس ٹرین میں سفر کر رہے تھے کو یرغمال بناکر ہلاک کردیااوردیگر تمام سویلین کو چھوڑ دیا۔
ان کا کہنا تھا کہ فوجی آپریشن کےدوران تنظیم کے 12 ساتھی شہید ہوگئے ۔
جبکہ دوسری جانب پاکستانی فوج نے دعویٰ کیا ہے کہ ہلاکتوں کی کل تعداد 26 ہے جن میں 18 فوجی ، 3 ریلوے پولیس ، 5 عام شہری ہیں اور 33 عسکریت پسند مارے گئے۔