پاکستان کے صوبہ خیبر پختونخوا کے ضلع کرک میں انڈس ہائے وے پر ایک کنٹینر مبینہ طور پر بریک فیل ہو جانے کے باعث دیگر گاڑیوں پر چڑھ گیا۔ اس حادثے میں کم از کم نو افراد ہلاک اور20 کے قریب لوگ زخمی ہو گئے ہیں۔ حادثے میں ہلاک ہونے والوں میں ایک تین سالہ بچی بھی شامل ہے۔
ریسکیو 1122 کرک نے بھی واقعے میں نو افراد کی ہلاکت کی تصدیق کی ہے۔ پولیس کے مطابق واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس اور ریسکیو اہلکار موقع پر پہنچ گئے تھے جنھوں نے زخمیوں کو فوری طور پر ہسپتال منتقل کیا مگر نو افراد ہسپتال پہنچتے ہی دم توڑ گئے تھے جبکہ باقی زخمی ہسپتال میں زیرعلاج ہیں۔
ریسکیو 1122 کے مطابق کنٹنیر بریک فیل ہونے کی وجہ انتہائی مصروف چوک میں دوسری گاڑیوں پر چڑھ گیا تھا۔ اس کنٹینر کی زد میں ایک مسافر گاڑی ہائی ایس، چھ رکشہ، کچھ موٹر سائیکل اور چار موٹر کاریں شامل آ گئی تھیں۔
موقع پر موجود عینی شاہد ممتاز خان کے مطابق وہ اپنی دوکان میں بیٹھے ہوئے تھے کہ اچانک لوگوں کو دوڑتے اور چیختے دیکھا تو انھیں علم ہوا کہ کنٹنیر کے بریک فیل ہوچکے ہیں۔
عینی شاہد کے مطابق کنٹنیر ڈرائیور کے قابو میں نہیں تھا اور اس کے چند سیکنڈ بعد ہی کنٹنیر قریب ہی کھڑے رکشہ اور پھر سامنے سے آنے والی مسافر ہائی ایس پر چڑھ گئی۔
ریسکیو 1122 کے مطابق یہ ایک خوفناک حادثہ تھا۔ امدادی ٹیموں کو ریسکیو آپریشن مکمل کرنے میں تقریبا ڈیڑھ گھنٹہ لگا جس کے بعد روڈ کو ٹریفک کے لیے بحال لیا گیا تھا۔
واقعے میں کنٹینر کا ڈرائیور بھی زخمی ہو گیا ہے تاہم اس کی حالت خطرے سے باہر بتائی جاتی ہے۔
ریسکیو 1122 کے مطابق کنٹنیر دیگر گاڑیوں پر چڑھنے کے بعد الٹا ہوگیا تھا بصورت دیگر اس سے بھی زیادہ نقصان کا خدشہ تھا۔
حادثے میں ہلاک ہونے والوں میں سے چھ کی شناخت ہوچکی ہے جبکہ تین کی شناخت ابھی تک نہ ہو سکی۔ ریسکیو حکام کے مطابق 13 لوگ ہسپتال میں داخل ہیں جبکہ باقیوں کو ابتدائی طبی معائنہ اور علاج معالجہ کے بعد واپس بھیج دیا گیا ہے۔