افغانستان کے طالبان حکومت کے وزارت دفاع نے پہلی مرتبہ ملک میں ’’ میلان کنکورس ‘‘ گائیڈڈ میزائل کو فعال کرنے کا اعلان کیا ہے، جو بکتر بند ٹینکوں، جنگی جہازوں اور کم پرواز کرنے والے ہیلی کاپٹروں کو نشانہ بنانے کی صلاحیت رکھتا ہے۔
وزارت کے ترجمان عنایت اللہ خوارزمی نے بتایا کہ میزائل کو مؤثر طریقے سے استعمال کرنے کے لیے 13 افراد کو خصوصی تربیت دی گئی ہے۔ خوارزمی کے مطابق، گزشتہ روز وزارت قومی دفاع کے ڈائریکٹوریٹ آف گنر سیٹر نے 13 نوجوانوں کو میلان کنکورس گائیڈڈ راکٹ کے ایک ماہ کے پروفیشنل اور عملی کورس کی تکمیل پر تربیت یافتہ قرار دیا۔ یہ گائیڈڈ میزائل بکتر بند ٹینکوں اور کم پرواز کرنے والے ہیلی کاپٹروں کو کامیابی سے نشانہ بنانے کی صلاحیت رکھتا ہے۔
اسی سلسلے میں، کابل میں ایک تقریب کے دوران وزارت خارجہ کے سیاسی نائب نے اس بات پر زور دیا کہ امارت اسلامیہ کے نظام کو جدید فوجی ساز و سامان سے لیس کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔
ملکی عسکری ماہرین بھی اس بات پر متفق ہیں کہ سرحدوں کو محفوظ رکھنے اور دفاعی قوت کو بڑھانے کے لیے جدید آلات کی فراہمی نہایت ضروری ہے۔
حمید اللہ ہوتک، جو عسکری امور کے ماہر ہیں، نے کہا افغانستان کی علاقائی سالمیت اور سرحدوں کے دفاع کے لیے ہمیں جدید فوجی آلات کی ضرورت ہے، کیونکہ ہمارا ملک ہمیشہ بیرونی حملوں کا سامنا کرتا رہا ہے۔
قبل ازیں، وزارت دفاع نے اعلان کیا تھا کہ ڈائریکٹوریٹ آف انٹیلیجنس اور وزارت داخلہ کے تعاون سے سال 1404 ہجری کے لیے ایک جامع سیکیورٹی منصوبہ تیار کر لیا گیا ہے تاکہ ملک میں سلامتی کو یقینی بنایا جا سکے۔