پی ٹی آئی کا آج ہر حال میں اسلام آباد میں جلسہ کرنیکا اعلان، ریڈ زون سیل

0
30

پاکستان تحریکِ انصاف (پی ٹی آئی) اسلام آباد میں آج جمعرات کو جلسہ کرنے جا رہی ہے جب کہ وفاقی دارالحکومت کی انتظامیہ نے ریڈ زون سیل کرتے ہوئے سرکاری و نجی اسکولوں میں تعطیل کا اعلان کر دیا ہے۔

پی ٹی آئی کے رہنما اعلان کر چکے ہیں کہ اسلام آباد میں ترنول کے مقام پر ہر حال میں جمعرات کو جلسہ ہو گا۔

پی ٹی آئی کے جلسے کے اعلان کے بعد وفاقی وزیرِ داخلہ محسن نقوی کی زیرِ صدارت بدھ کو رات گئے امن و امان کا جائزہ لینے سے متعلق اعلیٰ سطح کا اجلاس ہوا۔

وزیرِ داخلہ کے مطابق کسی کو ریڈ زون میں آنے کی اجازت نہیں دی جا سکتی اور امن عامہ برقرار رکھنا حکومت کی اولین ترجیح ہے۔

محسن نقوی نے کہا کہ عوام کے جان و مال کا تحفظ پہلی ذمہ داری ہے۔ قانون کی عمل داری کو یقینی بنایا جائے گا اور امن و امان کی صورتِ حال خراب کرنے والوں کے خلاف قانون حرکت میں آئے گا۔

دوسری جانب ڈپٹی کمشنر اسلام آباد نے بے یقینی کی صورتِ حال کے تناظر میں دارالحکومت میں تمام اسکول بند رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔

ڈپٹی کمشنر آفس کے مطابق بچوں کی حفاظت کے پیشِ نظر اسکولوں میں تعطیل کا اعلان کیا ہے جب کہ جمعرات کو دارالحکومت میں ریڈ زون بھی مکمل سیل ہو گا۔

وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا اور پاکستان تحریکِ انصاف کے رہنما علی امین گنڈاپور نے اپنے ایک ویڈیو پیغام میں کہا ہے کہ ’اسلام آباد انتظامیہ کی جانب سے پی ٹی آئی کو جلسہ کرنے سے روکا جا رہا ہے اور جلسے کا اجازت نامہ منسوخ کر دیا گیا ہے تاہم ہم ہر حال میں جلسہ کریں گے۔‘

پی ٹی آئی کے رہنما شیر افضل مروت نے سوشل میڈیا پر ایک بیان میں اعلان کیا ہے کہ اسلام آباد میں ہر حال میں جلسہ ہو گا اور اگر انتظامیہ نے تشدد کا سہارا لیا تو ہم نہیں جھکیں گے۔

شیر افضل مروت نے کہا کہ اگر تشدد ہوا تو وزیرِ اعظم شہباز شریف، وزیرِ داخلہ محسن نقوی، آئی جی اسلام آباد اور چیف کمشنر اسلام آباد ذمہ دار ہوں گے۔

شیر افضل مروت نے حال ہی میں پی ٹی آئی کے بانی عمران خان سے اڈیالہ جیل میں ملاقات کے بعد دعویٰ کیا تھا کہ بانی پی ٹی آئی نے انہیں جلسے کے انتظامات کی ذمہ داری سونپی ہے۔

پی ٹی آئی کے سینئر رہنما اور سابق اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا تھا کہ جلسہ عمران خان کی ہدایت پر ہو رہا ہے اور پارٹی عمران خان کے خلاف بنائے گئے ناجائز مقدمات کو ختم کرنے اور انہیں رہا کرانے کے لیے سیاسی قوت کا مظاہرہ کر رہے ہیں۔

اسد قیصر نے دعویٰ کیا کہ ان کا جلسہ اسلام آباد ہائی کورٹ کی ہدایت کی روشنی میں ہو رہا ہے، اگر حکومت نے رکاوٹیں ڈالنے کی کوشش کی تو اس کی ذمے دار حکومت ہو گی۔

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here