کمیٹی ٹو پروٹیکٹ جرنلسٹ نامی تنظیم کے مطابق اسرائیل اور حماس کے درمیان تنازع کے دوران اب تک 31 صحافی ہلاک ہو چکے ہیں جن میں 26 فلسطینی اور چار اسرائیلی صحافی ہیں۔
ان کے علاوہ ایک لبنانی صحافی بھی ہلاک ہوا ہے جبکہ آٹھ صحافی زخمی ہوئے ہیں۔ کمیٹی کے مطابق نو صحافی لاپتہ یا حراست میں ہیں۔
سوموار کو جاری ہونے والے ایک بیان میں کمیٹی نے کہا کہ غزہ میں صحافیوں کو اسرائیلی بمباری اور زمینی حملے کے پیش نظر شدید خطرات کا سامنا ہے۔
ہلاک ہونے والے صحافیوں میں رشدی سراج نامی فلسطینی فلم ساز اور عالمی خبر رساں ادارے روئٹرز کے ویڈیو گرافر اعصام عبداللہ بھی شامل ہیں۔
کمیٹی کے مطابق اعصام لبنان کی سرحد کے قریب اسرائیل کی جانب سے ہونے والی بمباری کے نتیجے میں ہلاک ہوئے۔
اسرائیلی فوج نے کہا ہے کہ وہ اس معاملے پر تفتیش کر رہی ہے۔ اسرائیلی فوج نے روئٹرز اور اے ایف پی کو بتایا ہے کہ وہ غزہ میں ان خبر رساں اداروں سے منسلک صحافیوں کی حفاظت کی ضمانت نہیں دے سکتی۔