پاکستانی عوام کو آئی ایم ایف کی شرائط باعث ریلیف نہیں ملتا، امریکا

ایڈمن
ایڈمن
3 Min Read
Photo : Reuters

سابق امریکی نائب وزیر خارجہ برائے جنوبی ایشیا رابن ریفل نے کہا ہے کہ آئی ایم ایف کی شرائط کی وجہ سے حکومت عوام کو ریلیف دینے سے قاصر ہے لیکن پاکستان کا موجودہ سرکاری نظام اس قدر بے تکا ہے کہ ایک طرف عام شہری تو آسمان سے باتیں کرتے بجلی کے بل بھرنے کی سکت بھی نہیں رکھتے مگر دوسری طرف یہاں امراء اربوں ڈالرز کے اثاثے رکھتے ہیں جس پر وہ کوئی ٹیکس ادا نہیں کرتے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کو مسائل سے نکالنے کے لیے بیوروکریسی کو جدت پسند بنانے کے ساتھ ساتھ اسے سیاست سے پاک کرنے، غیر مسابقتی اداروں کے لیے مراعات ختم کرنے اور اہم سرکاری اداروں کی نجکاری کی ضرورت ہے۔

یہ بات انہوں نے نیویارک میں اقوام متحدہ جنرل اسمبلی کے 78ویں اجلاس کے متقاضی "جمہوریت کے ستون: امریکہ اور پاکستان پر گفتگو” کے موضوع پر ہونے والی ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔

اس تقریب کا اہتمام اقوام متحدہ کی معاشی اور سماجی کونسل ECOSOC کی ممبر غیر سرکاری تنظیم مسلم امیریکن لیڈرشپ الائنس کی جانب سے کیا گیا تھا۔

پاکستان کی موجودہ سیاسی اور معاشی صورتحال پر امریکہ کی خاموشی پر اپنی رائے دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ایسا محسوس ہوتا ہے کہ امریکہ، افغانستان اور عراق کے اندرونی معاملات کی تبدیلی کے لیے اپنی مداخلت کی کوششوں کی ناکامی سے سبق سیکھنے کی کوشش کر رہا ہے اس لیے اب وہ پاکستان کے معاملات پر گفتگو سے اجتناب کرتا نظر آرہا ہے۔

لیکن انہوں نےکہا کہ یہ بات بھی نظر انداز نہیں کی جا سکتی کہ پاکستان اور امریکہ کے ماضی کے تناظر میں امریکہ کی جانب سے دی گئی رائے بہت اہمیت رکھتی ہے۔ اس لیے اگر امریکہ پاکستان کے سیاسی بحران پر ، جس کی وجہ سے انسانی اور میڈیا حقوق کی خلاف ورزیاں اورعدلیہ میں مداخلت ہوئی ہے، خاموشی اختیار کرتا ہے تو اس کا مطلب یہ لیا جاسکتا ہے کہ امریکہ اس صورتحال کی حمایت کرتا ہے۔ اس سے طویل مدت میں امریکہ کی ساکھ کو نقصان پہنچنے کا خدشہ ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ مختلف بیانیوں سے عوام کو مختصر وقت کے لیے بہلایا تو جا سکتا ہے مگر عوام پھر یہ جان ہی جاتے ہیں کہ ان کی بات کو اہمیت نہیں دی جارہی اور وہ تبدیلی کا مطالبہ کرنے لگتے ہیں اور اس سے جمہوریت خطرے میں پڑ جاتی ہے۔

پاکستان امریکہ تعلقات پر تبصرہ کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ پاکستان اور امریکہ کے تعلقات میں اتار چڑھاؤ اور پاکستان کے موجودہ مسائل کے باوجود، پاکستان کے امریکہ کے ساتھ تاریخی تعلقات رہے ہیں جن کا احترام کیا جانا چاہیے۔

سنگر نیوز واٹس ایپ چینل بلوچستان کی تازہ ترین، موثق اور لمحہ بہ لمحہ خبروں سے باخبر رہنے کے لیے ہمارے واٹس ایپ چینل کو فالو کیجیے۔
Share This Article
Leave a Comment