انڈیا کی چاند مشن کے بعد سورج مشن ’آدتیہ -ایل ون‘بھی کامیابی کے ساتھ خلا میں روانہ ہوگیا ہے ۔
چاند پر چندیان تھری کی کامیاب لینڈنگ کے بعد انڈیا میں خلائی تحقیق کے ادارے اسرو نے اب سورج کے مطالعے کے لیے شری ہریکوٹا کے ستیش دھون خلائی مرکز سے ایک سولر مشن ’آدتیہ -ایل ون‘ خلا میں کامیابی سے بھیج دیا ہے۔ اس کے ساتھ ہی کہکشاں میں خلائی جستجو کے ایک نئے دور کا آغاز ہوا ہے۔
یہ مشن بھی چندریان کی طرح پہلے زمین کے مدار میں اونچائی پر گردش کرے گا اور اس کے بعد وہاں سے یہ مزید تیزی سے سورج کی طرف پرواز کرتا ہوا زمین سے تقر یباً 15 لاکھ کلومیٹر کی اونچائی پر پہنچ کر زمین اور سورج کی کشش کے درمیان ایک ایسےمقام پر رُکے گا جسے سائنسی اصطلاح میں ایل ون کہا جاتا ہے۔
آدتیہ خلائی جہاز یہ فاصلہ تقریباً چار مہینے میں طے کرے گا۔ یہاں سے وہ سورج میں ہونے والی مختلف سرگرمیوں، اندرونی اور باہری فضا وغیرہ کا مطالعہ کرے گا۔
اس سے قبل امریکہ اسی طرح کا ایک مشن سورج کے مزید قریب ایل ٹو زون میں بھیج چکا ہے۔ انڈیا کی خلائی تحقیق اور جستجو میں اسے ایک بڑا قدم سمجھا جا رہا ہے۔ زمین سے سورج کا فاصلہ تقریباً 15 کروڑ کلومیٹر ہے۔