ایرانی صدر اور پاکستانی وزیر اعظم آج بلوچستان وایران کے رمیان بارڈرمارکیٹ اور بجلی ٹرانسمیشن لائن کا افتتا ح کرینگے۔
اس سلسلے میں پاکستان کی وزارت خارجہ کی طرف سے جاری کردہ ایک پریس ریلیز کے مطابق 18 مئی 2023 کو پاکستانی وزیر اعظم، شہباز شریف اور ایرانی صدر، ابراہیم رئیسی مشترکہ طور پر مند-پشین بارڈر سسٹینینس مارکیٹ پلیس اور پولان-گبد بجلی ٹرانسمیشن لائن کا افتتاح کریں گے۔
بلوچستان ایران مشترکہ سرحد کے ساتھ تعمیر کی جانے والی 6 سرحدی مارکیٹوں میں سے ایک، مند-پشین بارڈر مارکیٹ پلیس سرحد پار تجارت کو بڑھانے، اقتصادی ترقی کو فروغ دینے اور مقامی کاروبار کے لیے مواقع کی نئی راہیں کھولنے کے لیے پلیٹ فارم فراہم کرے گی۔
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق پولان-گبد ٹرانسمیشن لائن ایران سے اضافی 100 میگاواٹ بجلی کی ترسیل ممکن بنائے گی جو گھروں اور کاروباری اداروں سمیت خطے کی توانائی کی ضروریات پوری کرنے میں اہم کردار ادا کرے گی۔
بیان میں مزید کہا گیا کہ مشترکہ افتتاح بلوچستان اور سیستان و بلوچستان کے رہائشیوں کی فلاح و بہبود کے لیے پاکستان اور ایران کے مضبوط عزم کا مظہر ہے، یہ اقدام دونوں ممالک کے درمیان دوطرفہ تعلقات میں ایک اہم پیش رفت ہے۔