سربیا اور امریکا میں فائرنگ سے 12 افراد ہلاک

0
105

سربیا میں فائرنگ کے ایک اور واقعے میں آٹھ افراد ہلاک تیرہ زخمی ہوگئے۔

سربین وزارت داخلہ کے ترجمان کا کہنا ہے کہ سربیا کے گاؤں ڈیوبونا میں فائرنگ کے ایک واقعے میں 8 افراد ہلاک جبکہ 13 زخمی ہو گئے ہیں۔

ترجمان کے مطابق اکیس سالہ مسلح حملہ آور نے مقامی وقت کے مطابق رات 11 بجے کے قریب ایک گروپ پر فائرنگ کر دی تھی، واقعے کے بعد ملزم موقع سے فرار ہو گیا۔

غیر ملکی میڈیا کے مطابق حکام نے واقعے کو علاقائی دہشتگردی (domestic terrorism) قرار دیتے ہوئے بتایا کہ ملزم کی گرفتاری کیلئے اسپیشل فورسز کی ٹیمیں تشکیل دے دی گئی ہیں، جلد گرفتار کر لیا جائے گا۔

یاد رہے کہ اس سے واقعے سے ایک روز قبل بھی سربیا کے دارالحکومت بلغراد کے اسکول میں 14 سالہ طالبعلم کی فائرنگ کے نتیجے میں آٹھ طالبعلم اور ایک سکیورٹی گارڈ ہلاک جبکہ سات افراد زخمی ہوگئے۔

دوسری جانب امریکی ریاست جارجیا کے ایک قصبے میں فائرنگ سے 4 افراد ہلاک ہوگئے۔

جارجیا کی کولکوئٹ کاونٹی کے ایک طبی عہدے دار نے بتایا ہے کہ جنوبی دیہی علاقے کے ایک قصبے مولٹری میں جمعرات کو ہونے والے فائرنگ کے واقعہ میں چار افراد ہلاک ہو گئے، جن میں ایک فاسٹ فوڈ کی کارکن تھی جب کہ حملہ آور کے دو رشتے دار بھی گولیوں کا نشانہ بنے ۔ ہلاک ہونے والا چوتھا شخص حملہ آور خود ن تھا جس نے بعد ازاں خود کو بھی گولی مار لی۔

کولکوئٹ کاؤنٹی کے کورونر سی ورلن بروک نے ایسوسی ایٹڈ پریس کو بتایا کہ مسلح حملہ آور نے مولٹری کے دو گھروں میں اپنی ماں اور دادی کو قتل کیا اور پھر قصبے کے مرکزی علاقے میں واقع میکڈونلڈ کے ایک ریسٹورنٹ میں گھس کر ایک خاتون کو ہلاک کر دیا جو صبح کی شفٹ کی مینیجر تھی۔ اور اس کے بعد مسلح شخص نے خود کو بھی گولی مار لی۔

قریب واقع ایک اسٹور میں کام کرنے والی سبرینا نے بتایا کہ یہ واقعہ صبح سویرے پیش آیا۔ حملہ آور بھی اسی میکڈانڈ کا ملازم تھا۔ جب وہ صبح آیا تو مینیجر نے سمجھا کہ وہ ڈیوٹی کے لیے آیا ہے اور اس نے دروازہ کھول دیا۔ مگر حملہ آور نے اسے گولی مارنے کے بعد خود کو بھی ہلاک کر دیا۔

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here