ترکیہ کے جنوبی صوبے ہتائے اور شمالی شام میں پیر کو 6 اعشاریہ 4 کی شدت کے ایک اور زلزلے میں تین افراد ہلاک ہو گئے اور 6 فروری کے اس زلزلے کے بعد جس میں دونوں ملکوں میں لگ بھگ 45 ہزار لوگ ہلاک ہوئے ، افرا تفری اور خوف و ہراس کی ایک نئی لہر دوڑ گئی ۔
ترکیہ کے وزیر داخلہ سلیمان سوئلو نے کہاہے کہ تین لوگ ہلاک ہو ئے اور 213 افراد کو اسپتال پہنچایا گیا ، جب کہ شام کے شہری دفاع کے ادارے وائٹ ہیلمٹس نے کہا ہے کہ 130 سے زیادہ لوگ زخمی ہوئے اور کچھ عمارتیں جنہیں پہلے ہی نقصان پہنچ چکا تھا منہدم ہو گئیں ۔
ترک قصبےڈیفنے میں زلزلہ رات آٹھ بج کر چار منٹ پر آیا اور انطاکیہ شہر اور 200 کلومیٹر شمال میں واقع صوبے ادانا میں اے ایف پی کی ٹیم نے زلزلے کی شدت کو محسوس کیا ۔
اے ایف پی کی ٹیموں نے لبنان میں بھی زلزلہ محسوس کیا ۔
ترکیہ کے ڈیزاسٹر مینجمنٹ سے متعلق ادارے نے ٹوئٹر پر کہا کہ تین منٹ بعد 5 اعشاریہ 2 کی شدت کا ایک اور زلزلہ آیا اور اس کا مرکز ہتائے کا ضلع سمانداگ تھا۔
ادارے نے پیر کو پہلے زلزلے کے تقریباً 20 منٹ بعد 5.2 شدت کے دو اور زلزلےریکارڈ کیے۔