ترکیہ اور شام میں 6 فروری کو آنے والے زلزلے سے ہلاکتوں کی تعداد 34 ہزار سے تجاوز کرگئی ہیں۔
ترک ڈیزاسٹر اینڈ ایمرجنسی منیجمنٹ اتھارٹی نے اتوار کو اعلان کیا کہ گزشتہ ہفتے ملک کے جنوب میں آنے والے زلزلے کے متاثرین کی تعداد بڑھ کر 29 ہزار 605 ہوگئی ہے۔ ترکی کے سرکاری "ٹی آر ٹی” چینل نے ڈیزاسٹر مینجمنٹ کے حوالے سے بتایا کہ ایک لاکھ 47 ہزار 934 افراد کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا گیا ہے۔
دوسری طرف سیریئن آبزرویٹری فار ہیومن رائٹس نے کہا ہے کہ شام میں ہلاکتوں کی تعداد 5,273 تک پہنچ گئی ہے۔ یہ تعداد 7,000 تک پہنچنے کی توقع ہے۔
زلزلے سے تباہ عمارتوں کے ملبے سے لوگوں کی تلاش کا عمل جاری ہے، ترکیہ میں 140 گھنٹے بعد 7 ماہ کے بچےکو ملبے سے نکال لیا گیا، اس کے علاوہ 136 گھنٹے بعد 13 سال کی لڑکی کو بھی ملبےسے نکالا گیا، ایک اور عمارت کے ملبے سے 70 سال کی ترک خاتون کو نکالا گیا۔
ترک وزارت انصاف نے ناقص تعمیرات میں ملوث افراد کے وارنٹ گرفتاری جاری کر تے ہوئے 12 افراد کو حراست میں لے لیا ہے۔