ایمنسٹی انٹرنیشنل نے ایران میں گذشتہ تین ماہ کے مظاہروں کے دوران ہلاک ہونے والے 44 بچوں کے نام درج کیے ہیں۔
ایران انٹرنیشنل نے ہفتے کے روز رپورٹ کیا کہ 34 بچوں کی موت براہ راست گولیوں سے ہوئی۔ 4 کو ڈرون کی گولیوں سے مارا گیا، 5 کی موت لاٹھیوں سے پیٹنے سے ہوئی اور ایک بچہ آنسو گیس سے ہلاک ہوا۔
تنظیم نے اپنی رپورٹ میں کہا ہے کہ ہلاک ہونے والوں میں جنوب مشرقی ایران کے شہر زاہدان میں ایک دو سالہ اور ایک 6 سال کا بچہ بھی شامل ہے، باقی ہلاک ہونے والے بچوں کی عمریں 9 سے 18 سال کے درمیان ہیں۔
ایمنسٹی نے انکشاف کیا کہ حکومت نے کم از کم 13 بچوں کے خاندانوں پر دباؤ ڈالا اورانہیں ہراساں کیا اور انہیں قتل اور عصمت دری کی دھمکیاں دیں۔
جبکہ سکیورٹی سروسز نے بچوں کی لاشوں کو کفنوں میں لپیٹ کر تدفین کی مربوط تقریب سے چند منٹ قبل اہل خانہ کے حوالے کر دیا۔
سکیورٹی فورسز نے خاندانوں کو اپنے پیاروں کی لاشوں کو دور دراز کے دیہاتوں میں دفنانے پر بھی مجبور کیا اور لواحقین کو یادگاری نشانیاں لگانے یا سوشل میڈیا پر مقتولین کی تصاویر پوسٹ کرنے سے روک دیا۔
تنظیم کے مطابق 44 بچوں میں سے 18 ہلاک ہوئے۔ ان میں سے 40 فیصد صوبہ بلوچستان، جنوب مشرقی ایران میں تھے اور ان میں سے 20 فیصد ملک کے مغرب اور شمال مغرب میں واقع ایرانی کرد شہروں میں مارے گئے۔
ایران میں 16 ستمبر کو نوجوان کرد خاتون مہسا امینی کی ہلاکت کے بعد حکومت کی تبدیلی کے مطالبات کے دوران مظاہروں کا سلسلہ جاری ہے۔ دوسری طرف ایران کی سکیورٹی فورسز نے مظاہرین کے خلاف طاقت کا وحشیانہ استعمال شروع کیا ہے جس میں بڑی تعداد میں شہریوں کی اموات ہوئی ہیں۔
ان پرتشدد مظاہروں میں اب تک مجموعی طور پر458 افراد کی ہلاکت کی تصدیق کی جا چکی ہے۔