بلوچستان کے علاقے زہری اور سوئی میں فائرنگ کے دو مختلف واقعات میں 2افراد ہلاک ہوگئے جبکہ تربت سے ایک لاپتہ طالب علم کی گرفتاری ظاہرکردی گئی۔
زہری میں نا معلوم مسلح افراد نے میں بازار میں فائرنگ کر کے حفیظ اللہ لوٹانی ولد حاجی روات خان نامی شخص کوہلاک کر دیا۔
جبکہ فائرنگ کی زد میں آ کر ابراھیم عمرانی سکنہ چشمہ زخمی ہو گئے۔
ہلاک اور زخمی شخص کوہسپتال منتقل کر دیا گیا۔
ادھر ڈیرہ بگٹی کے علاقے سوئی چاکر واہ کے قریب ڈا ڈا ولد پٹھان نامی شخص نے بھائی سے ناراض ہوکر اپنے آپ کو گولی مار کر خودکشی کرلی۔
دریں اثنا ڈپٹی کمشنر کیچ میجر بشیر بڑیچ نے جمعہ کے روز تربت میں میڈیا میں دعویٰ کیا کہ سی ٹی ڈی نے تربت میں حیات ولد اسلم نامی شحض کو گرفتار کیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ سی ٹی ڈی نے کارروائی کرتے ہوئے کیچ میں مختلف واقعات اور سرکاری املاک کو نقصان پہنچانے کی پاداش میں محمد حیات ولد محمد اسلم کو گرفتار کیا۔
انہوں نے کہا کہ وہ شہر میں ایک اور کارروائی کو انجام دینے کی کوشش میں تھا کہ اسے بروقت گرفتار کرکے جلد عدالت میں پیش کیا جائے گا اور عدالت اسے سزا دے گی۔ تاہم انہوں نے یہ نہیں بتایا کہ اسے کب اور کہاں سے گرفتار کیا گیا ہے۔
واضح رہے کہ بلوچستان یونیورسٹی تربت کے طالب علم محمد حیات کو رواں سال 13اکتوبر کو جبری لاپتہ کیا گیا تھا۔
آج محمد حیات کی گرفتاری کو ظاہر کی گئی جبکہ تین افراد قمبر امید، عزیر مولا بخش اور انس ملا برکت بازیاب ہوگئے ہیں۔