لاپتہ افراد کیس: وزیراعظم پاکستان آج اسلام آباد ہائیکورٹ میں پیش ہونگے

ایڈمن
ایڈمن
2 Min Read

پاکستان کے وزیر اعظم شہباز شریف نے لاپتہ افراد کی بازیابی سے متعلق کیسز میں (آج) جمعہ کو اسلام آباد ہائی کورٹ کے سامنے پیش ہونے کا فیصلہ کیا ہے۔

نجی ٹی وی کے مطابق اس حوالے سے ذرائع نے بتایا کہ اسلام آباد ہائی کورٹ میں وزیر اعظم کی آمد سے قبل سیکیورٹی انتظامات شروع کر دئیے گئے ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ شہباز شریف صبح ساڑھے نو بجے عدالت کے سامنے پیش ہوں گے۔

خیال رہے کہ مذکورہ پیش رفت ایسے وقت پر سامنے آئی ہے جب وزیراعظم شہباز شریف کی جانب سے لاپتہ افراد کے لیے قائم کی گئی کمیٹی کی یقین دہانی پر لاپتہ افراد کے اہل خانہ نے کوئٹہ میں 50 روز سے جاری دھرنا ختم کر دیا۔وزیر قانون بیرسٹر اعظم نزیر تارڑ، وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ خان، شازیہ مری، آغا حسن بلوچ اور بیرسٹر کامران مرتضی کمیٹی میں شامل تھے۔

اس سلسلے میں وائس فار بلوچ مسنگ پرسنز کے سیکرٹری جنرل اور لاپتہ ڈاکٹر دین محمد بلوچ کی صاحبزادی سمی دین بلوچ نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہنا تھاکہ تمام لاپتہ افراد لواحقین سے مشاورت اور انکی رضامندی کے بعد ہم نے کمیٹی پراعتمادکرکے اپنا دھرنا ملتوی کیا ہے۔اگر اب بھی ہمیں انصاف نہ ملا تو مزیدسخت اقدام اٹھائینگے لیکن اپنے پیاروں کی بازیابی تک خاموش نہیں بیٹھیں گے پھر اس ریاست پرہوسکتا ہے کوئی بھروسہ بھی نہ رہے۔ امیدکرتے ہیں کہ کامیابی ہماری ہوگی۔

Share This Article
Leave a Comment