بلوچستان کے علاقے پنجگور میں آج عید کے روز گزشتہ دنوں پنجگور میں ریاستی ڈیتھ اسکواڈ کی جانب سے دادجان کی بہیمانہ قتل اور قاتلوں کی عدم گرفتاری اور بیبگر امداد سمیت ہزاروں لاپتہ افراد کی بازیابی کیلئے بلوچ یکجہتی کمیٹی کی جانب سے احتجاجی ریلی نکالی گئی۔
احتجاج ریلی میں خواتین اور بچوں سمیت لوگوں نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔
احتجاجی ریلی جاوید چوک سے شروع ہوکر پنجگور پریس کلب کے سامنے پہنچ کر جلسے کی شکل اختیار کی۔
ریلی کے شرکاء نے بلوچ جبری لاپتہ افراد کی بازیابی اور داد جان کے قاتلوں کی گرفتاری کا مطالبہ کیا۔
ریلی کے مقررین نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بلوچستان میں آئے روز ریاستی پشت پناہی میں بلوچ نوجوانوں کو بیدردی سے قتل کیا جا رہا ہے، ان کو ماورائے عدالت قتل اور لاپتہ کیا جا رہا ہے۔
ریلی کے شرکاء نے ہاتھوں میں پلے کارڈز اور بینرز بھی اٹھا رکھے تھے جن پر ان ریاستی مظالم کے خلاف اور لاپتہ افراد کی بازیابی کیلئے نعرے درج تھے۔