چین میں مسافر طیارہ گِر کر تباہ، 132 افراد سوار تھے

ایڈمن
ایڈمن
4 Min Read

چین کی فضائی کمپنی چائنا ایسٹرن ایئرلائنز کا ایک مسافر طیارہ صوبہ گوانگشی میں گر کر تباہ ہو گیا ہے۔

چین کے سول ایوی ایشن کے ادارے (سی اے اے) کا کہنا ہے کہ اس بوئنگ 737-800 طیارے پر 123 مسافر اور عملے کے نو افراد سوار تھے۔

خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق چینی صدر شی جن پنگ نے واقعے پر ‘حیرانی’ ظاہر کرتے ہوئے فوری تحقیقات کا حکم دیا ہے۔ چین کے سرکاری میڈیا سی سی ٹی وی کے مطابق صدر شی نے امدادی کارروائیوں کے علاوہ جلد از جلد حادثے کی وجہ معلوم کرنے کی ہدایت دی ہے۔

تاحال اس حادثے کی وجہ اور اس میں ہونے والی جانی نقصان کے حوالے سے کوئی معلومات سامنے نہیں آئی ہیں تاہم حادثے کے بعد گوانگشی میں پہاڑوں پر آگ لگنے کی اطلاعات موصول ہوئی ہیں۔

چائنا ایسٹرن ایئرلائنز کی جانب سے تاحال سے حادثے کے بارے میں کوئی بیان جاری نہیں کیا گیا ہے۔

ایم یو 5735 نامی اس پرواز نے کونمینگ سے مقامی وقت ایک بج کر 11 منٹ پر اڑان بھری تھی اور اس نے تین بج کر پانچ منٹ پر گوانگزو پہنچنا تھا۔

چینی سی اے اے کے مطابق امدادی کارروائیاں شروع کر دی گئی ہیں اور ریسکیو کے عملے کو متاثرہ علاقے میں بھیجا جا رہا ہے۔

سوشل میڈیا پر شیئر کی گئیں ویڈیوز میں حادثے کے مقام پر طیارے کا ملبہ اور دھواں اٹھتا دیکھا جاسکتا ہے۔ چین کے سرکاری میڈیا نے بھی بعض ویڈیوز اور تصاویر شیئر کی ہیں۔

فلائٹ ٹریکنگ کرنے والی ویب سائٹس کا کہنا ہے کہ اس طیارے نے قریب ایک گھنٹے تک پرواز جاری رکھی تھی۔ فلائٹ ریڈار 23 کی معلومات کے مطابق پرواز سے متعلق مقامی وقت دو بج کر 22 منٹ پر آخری ڈیٹا موصول ہوا اور اس وقت یہ طیارہ 3225 فٹ کی بلندی پر تھا۔

اطلاعات کے تحت یہ طیارہ وازو شہر کی ٹینگ کاؤنٹی میں گِرا ہے۔ جنوبی صوبہ گوانگشی جنوب مشرق میں واقع بڑے شہر گوانگزو کے قریب واقع ہے۔

ایئر سیفٹی کے حوالے سے چین کا ریکارڈ خاصا بہتر ہے اور چین میں آخری بڑا فضائی حادثہ اگست 2010 میں ہوا تھا جب ہاربن سے اڑنے والا ایک طیارہ یچون میں گر کر تباہ ہوا تھا اور اس حادثے میں 42 افراد مارے گئے تھے۔

چائنا ایسٹرن ایئر لائنز چین کی تین بڑی سرکاری فضائی کمپنیوں میں سے ایک ہے جبکہ باقی دو چائنا ساؤتھرن اور ایئر چائنا ہیں۔

ٹریکر ویب سائٹس کے مطابق یہ بوئنگ 737-800 طیارہ سات سال پرانا تھا اور بوئنگ 737 میکس لائن کے بعد آنے والا ماڈل ہے۔ بوئنگ 737 میکس لائن وہ طیارہ ہے جو 2018 میں انڈونیشیا اور 2019 میں ایتھوپیا کے فضائی حادثوں میں ملوث تھا۔ چین نے ان حادثات کے بعد اس ماڈل کے طیارے پر پابندی لگا دی تھی۔

Share This Article
Leave a Comment