وائس فار بلوچ مسنگ پرسنز کے بھوک ہڑتالی کیمپ کو 4532 دن مکمل

ایڈمن
ایڈمن
2 Min Read

وائس فار بلوچ مسنگ پرسنز کے بھوک ہڑتالی کیمپ کو 4532 دن مکمل ہوگئے۔
پی ٹی ایم کے کورکمیٹی کے ممبران خان محمد اور شیر خان اور وائس آف مسنگ پرسنز سندھ کے رہنماء سارنگ رانی اور ان کے ساتھیوں نے کیمپ آکر اظہار یکجتی کیا۔

اس موقع پر وائس فار بلوچ مسنگ پرسنز کے رہنماء ماما قدیربلوچ نے کہا کہ بلوچستان میں آگ اور خون کا کھیل کھیلنے والی ریاستی طاقت آئے روز نت نئے انسانی المیوں اور جبر و استبداد کا مظاہرہ کر رہی ہے۔بلوچستان میں مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد کی اغواء نما گرفتاری اور جبری لاپتہ افراد کی تشد زدہ لاشوں کی برآمدگی روز کا معمول بن چکا ہے۔

انھوں نے کہا بلوچستان کی اس صورتحال کے باوجود حکمران قوتیں ان زمینی ناقابل تر دید حقائق کو ذہنی اختراع قرار دے کر بلوچستان میں جاری فوجی کاررائیوں سے مکمل انکار کر رہے ہیں لیکن یہ کارروائیاں پوری دنیا کو نظر آرہی ہیں۔

”گذشتہ ماہ بولان اور بلوچستان کے دیگر علاقوں میں فوجی کارروائیوں میں گن شپ ہیلی کاپٹرز اور بھاری فوجی سازوسامان اور بڑی تعداد میں نفری کا استعمال کرکے علاقوں کو نشانہ بنایا گیا جس میں مقامی آبادی کوشدید جانی ومالی نقصان پہنچا متعدد عام بلوچ شہید اور زخمی ہوئے اور بڑی تعداد کو حراست میں لے کر جبری لاپتہ کردیا گیا اس بے رحمانہ کارروائی کو جواز فراہم کرنے کے لیے سرکار نے دعوی کیا ہے کہ شہید اور زخمی اور جبری لاپتہ کیے جانے والے بلوچ دہشت گردتھے۔“

Share This Article
Leave a Comment