وڈھ : خواتین کو بازار جانے سے روکنے کیلئے دکانداروں کوپمفلٹ ذریعے دھمکی

ایڈمن
ایڈمن
2 Min Read

بلوچستان کے علاقے وڈھ میں خواتین کو بازار جانے سے روکنے کیلئے دھمکی آمیز پمفلٹ تقسیم کی گئی ہے۔

وڈھ میں گذشتہ دنوں ایک ہندو تاجر کے قتل کے واقعے کے بعد ایک ایسا پمفلٹ منظر عام پر آیا ہے جس میں دکانداروں سے کہا گیا کہ وہ خواتین کو اپنی دکانوں میں آنے کی اجازت نہ دیں۔

اس پمفلٹ میں تاجروں بالخصوص ہندو دکانداروں کو تنبیہ کی گئی ہے کہ اگر کسی تاجر نے اپنی دکان میں خواتین کو آنے کی اجازت دی تو نتائج کا ذمہ دار وہ خود ہوں گے۔

وڈھ پولیس نے اس پمفلٹ کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ فی الحال یہ معلوم نہیں ہے کہ یہ پمفلٹ جس تنظیم کی جانب سے جاری کیا گیا ہے اس کا تعلق کہاں سے ہے۔

یہ پمفلٹ وڈھ بازار میں ایک سائن بورڈ پر آویزاں کیا گیا تھا جبکہ اس کی نقول بعض دکانوں کے اندر بھی پھینکی گئی ہیں۔

وڈھ میں ہندو پنچایت کے رکن سنتوش کمار نے بتایا کہ ہندو تاجر کے قتل کے خلاف بطور احتجاج ہندو برادری سے تعلق رکھنے والے تاجروں کی دکانیں بند تھیں تاہم انھیں یہ بتایا گیا ہے کہ ہندو تاجروں کے علاوہ بعض مسلمان تاجروں کی دکانوں میں بھی اس پمفلٹ کی کاپیاں پھینکی گئی ہیں۔

انھوں نے بتایا کہ ایک تو ہندو برادری سے تعلق رکھنے والے تاجروں کو قتل کیا گیا جبکہ اس کے بعد اس پمفلٹ میں بھی ان کا خصوصیت کے ساتھ ذکر کیا گیا ہے جس کے باعث اْن کی تشویش میں مزید اضافہ ہوا ہے۔

یاد رہے کہ وڈھ میں ایک ہندو تاجر کے قتل کا واقعہ 31 مئی کو پیش آیا تھا جس کے بعد احتجاج کا سلسلہ شروع کیا گیا تھا تاہم انتظامیہ کی یقین دہانی کے بعد احتجاج چھ روز بعد ختم کیا گیا تھا۔

Share This Article
Leave a Comment