مجھے فخر ہے کہ میں نے کوئی نئی جنگ شروع نہیں کی، ٹرمپ

ایڈمن
ایڈمن
2 Min Read

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اقتدار چھوڑنے سے پہلے اپنے الوداعی خطاب میں کہا ہے کہ ’مجھے فخر ہے کہ میں دہائیوں میں وہ پہلا صدر ہوں جس نے کوئی نئی جنگیں شروع نہیں کیں۔‘

یوٹیوب پر پوسٹ کی گئی ویڈیو پر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ ’ہم نے وہی کیا جو ہم کرنے آئے تھے۔‘ انھوں نے مزید کہا کہ ’میں نے مشکل اور سب سے سخت ترین لڑائیوں کا انتخاب کیا کیونکہ آپ نے مجھے اسی لیے منتخب کیا تھا۔‘

اپنے الوداعی پیغام میں ٹرمپ نے متنبہ کرتے ہوئے کہا کہ اب ملک کو درپیش ’سب سے بڑا خطرہ‘ ہماری قومی عظمت سے اعتماد کا ضیاع ہے۔

واضح رہے کہ ڈونلڈ ٹرمپ ابھی بھی نومبر میں ہونے والے صدارتی انتخاب کے نتیجے کو تسلیم نہیں کرتے ہیں جس میں وہ ڈیموکریٹک پارٹی کے جو بائیڈن سے ہار گئے تھے۔

چھ جنوری کو امریکی کانگریس کی جانب سے نومنتخب صدر جو بائیڈن کی الیکٹورل کالج میں فتح کی باقاعدہ توثیق کے عمل کے دوران صدر ٹرمپ کے حامی تمام رکاوٹیں عبور کر کے امریکی ریاست کے سیاسی مرکز کیپیٹل ہل کے اندر داخل ہوئے۔ ہنگامہ آرائی اور پولیس سے جھڑپوں میں متعدد افراد ہلاک بھی ہوئے۔

اس واقعے کا ذکر کرتے ہوئے ٹرمپ نے کہا ’سیاسی تشدد ہر اس چیز پر حملہ ہے جس کو ہم بحیثیت امریکی سراہتے ہیں۔ اسے کبھی برداشت نہیں کیا جا سکتا۔‘

اپنے پیغام میں امریکی معیشت پر بات کرتے ہوئے ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ ان کی انتظامیہ نے ’دنیا کی تاریخ کی سب سے بڑی معیشت کو تعمیر کیا۔‘

انھوں نے مزید کہا کہ ان کا ایجنڈا ریپبلکن یا ڈیموکریٹکس کے بارے میں نہیں بلکہ قوم کی بہتری کے لیے تھا۔

Share This Article
Leave a Comment