قلات و خاران میں پاکستانی فورسزپرحملے و دھماکے،ایک اہلکار ہلاک

0
55

بلوچستان کے علاقے قلات اور خاران میں پاکستانی فورسزپرحملے و دھماکوں میں ایک اہلکار ہلاک اور 4 کے زخمی ہونے کی اطلاعات ہیں۔

ضلع قلات سے اطلاعات ہیں کہ فورسز پر ہونے والے دھماکے میں ایک اہلکار ہلاک اور چار زخمی ہوئے ہیں۔

میڈیا ذرائع نے تصدیق کی ہے قلات کے علاقے اسکلکو میں فورسز کی گاڑی پر ہونے والے دھماکے میں فورسز کا ایک اہلکار ہلاک اور چار زخمی ہوئے ہیں۔

ہلاک ہونے والے اہلکار کی شناخت نائیک شفقت کے نام سے ہوئی جبکہ زخمی اہلکاروں میں نائیک شاہ نواز، سپاہی بشیر، سپاہی اویس احمد اور سپاہی محمد افضل شامل ہیں۔

پاکستان فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) نے تاحال اس حوالے سے کوئی تفصیلات فراہم نہیں کی ہے۔

اسی طرح خاران شہر میں یکے بعد دیگرے چار دھماکوں اور مسلسل فائرنگ کی اطلاعات ہیں۔

علاقائی ذرائع کا کہنا ہے کہ مسلح افراد نے سیکریٹریٹ روڈ جوکہ شہر کا ریڈ زون تصور کیا جاتا ہے، پر واقع خفیہ اداروں آئی آیس آئی اور ایم آئی کے دفاتر پر چار بم حملے کیے۔

ذرائع کے مطابق دھماکوں کے بعد فائرنگ کا سلسلہ کافی دیر تک جاری رہا۔

یاد رہے کہ شہر میں قائم خفیہ اداروں کے دفاتر پر حملے اس سے پہلے بھی ہوچکے ہیں۔ پچھلی مرتبہ اسی طرح آزادی پسند تنظیم بی ایل اے نے مذکورہ دفاتر کو نشانہ بنایا تھا جسکے بعد فورسز نے بوکھلاہٹ میں آکر جوڈیشل مجسٹریٹ کے رہائش گاہ کو نشانہ بنایا تھا اور بعد میں ایف سی نے جج کے گھر میں چھاپہ مارنے کی کوشش کی تھی تاہم لوکل پولیس اور عدلیہ کی مدد سے اسے روکا گیا تھا۔

قلات اور خاران میں فورسز پرحملوں کی ذمہ داری تاحال کسی تنظیم نے قبول نہیں کی ہے۔

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here