بلوچستان کے ضلع خضدار کے علاقے بازگیر سے سی ٹی ڈی نے ایک نوجوان کو گرفتارکرلیا ہے۔
علاقائی ذرائع کے مطابق گذشتہ شب ،رات 12 بجے کے قریب سی ٹی ڈی (کاؤنٹر ٹیررزم ڈپارٹمنٹ) کے اہلکاروں نے سعید ولد عبدالنبی میراجی مینگل نامی ایک نوجوان کو بازگیر خضدار سے اسکی دکان سے گرفتار کر لیا ہے۔
عینی شاہدین کے مطابق، سی ٹی ڈی اہلکاروں نے اچانک دکان پر چھاپہ مارا اور سعید احمد کو اپنی حراست میں لے لیا۔
سعید احمد کے خاندان نے اس اقدام پر شدید احتجاج کیا ہے اور کہا ہے کہ انہیں اس حوالے سے کوئی معلومات فراہم نہیں کی گئی کہ سعید کو کیوں گرفتار کیا گیا ہے۔
گرفتاری کے بعد، اہل محلہ میں خوف و ہراس پھیل گیا ۔ لوگ اس بات پر حیران ہیں کہ آخر کس بنیاد پر سی ٹی ڈی نے یہ کارروائی کی ہے۔
سعید کے دوستوں اور رشتہ داروں کا کہنا ہے کہ وہ ایک محنتی اور شریف انسان ہے اور اس پر کسی بھی قسم کے مجرمانہ سرگرمیوں میں ملوث ہونے کا الزام لگانا غلط ہے۔
سعید کے خاندان نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ اس معاملے کی فوری تحقیقات کرے اور انصاف کو یقینی بنائے۔ اس کے ساتھ ساتھ، انہوں نے انسانی حقوق کی تنظیموں سے بھی مدد کی اپیل کی ہے تاکہ سعید کو جلد از جلد رہا کیا جا سکے۔