بلوچستان کے ضلع آواران کے علاقے مشکے میں نامعلوم مسلح افراد کی فائرنگ سے ایک شخص ہلاک ہوگیا ۔
مشکے پولیس کے مطابق منگل کی سہہ پہر کو النگی کے مقام پر پہلے گھات لگائے نامعلوم مسلح افراد نے زاہد علی ولد نیاز محمد محمد حسنی کو قتل کردیا۔
مقتول اپنے دیگر دو رشتہ داروں کے ہمراہ موٹر سائیکل پر گجر بازار سے اپنے گائوں گورکھائی جا رہے تھے کہ النگی علاقہ میں نامعلوم مسلح افراد نے زاہد علی کو نشانہ بنایا اور باقی اس کے دو ہمراہ محفوظ رہے۔
مشکے پولیس واقعہ کی مزید تحقیقات کر رہی ہے۔
دوسری جانب دارلخلافہ کوئٹہ کے علاقے قمبرانی روڈ پر فائرنگ کا واقعہ پیش آیا۔
مسلح افراد کی فائرنگ سے لیاقت علی ولد عبدالمالک قوم قلندرانی نامی شخص ساکن کشمیر آباد ہلاک ہو گیا۔
علاہ ازیں پسنی کے علاقے کلمت کے سمندر میں لاپتہ ماہی گیر کی نعش کو مقامی غوطہ خوروں نے برآمد کر لیا۔
پیر کی شام کو کلمت کے سمندر میں حادثے کا شکار ہونیوالی اسپیڈ بوٹ جو دوران شکار ڈوب گئی تھی، جس میں سوار ایک ماہی گیر ہلاک جبکہ ایک لاپتہ ہوگیا تھا اور ایک کو ریسکیو کیا گیا۔
مقامی غوطہ خوروں نے لاپتہ ماہیگیر بدل خان ولد ولیداد سکنہ بل کلمت کی نعش کو پندرہ گھنٹے بعد برآمد کرکے ورثاءکے حوالے کر دیا ۔
واضح رہے کہ بدقسمت بوٹ میں سوار ہلاک دونوں ماہیگیر سگے بھائی ہیں۔