بلوچستان کے علاقے بولان ، زامران ،گوادر اورپسنی میں مختلف حادثات وواقعات سے 4 افراد ہلاک ، ایک خاتون شدیدزخمی ہوگئی جس کی حالت تشویشناک بتائی جارہی ہے۔
بولان میں 2 قبائل کے گروپوں میں تصادم کے نتیجے میں ایک شخص ہلاک ہوگیا۔
تصادم سے علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا۔
لیویز کے مطابق بولان کے علاقے سنی میں دو گروپوں میں تصادم کے دوران مہر اللہ نامی ایک شخص ہلاک ہوگیا۔
لاش کوہسپتال منتقل کرنے اور ضروری کارروائی کے بعد ورثاءکے حوالے کردیا گیا۔
مزید کارروائی مقامی انتظامیہ کررہی ہے۔
دوسری جانب زامران کے علاقے بسد میں نامعلوم افراد کی فائرنگ سے اس ایک شخص ہلاک ہوگیا۔
ہلاک ہونے والے شخص کی شناخت وہاب ولد علی بخش سکنہ گومازی دز پروم پنجگور کے نام سے ہوگئی۔
لیویز فورس نے ضروری کارروائی کے بعد لاش ورثا کے حوالے کر دیا۔
اس سلسلے میں مقامی انتظامیہ مزید تفتیش کررہی ہے۔
دریں اثناگوادر سے کراچی جانیوالی ایک کار گاڑی کوسٹل ہائی وے پر اورماڑہ منیجی کے قریب حادثے کا شکار ہوگئی ۔
حادثے سے ایک شخص ہلاک جبکہ ایک خاتون زخمی ہوگئی ۔
زخمی کو فوری طور پر اورماڑہ درمان جاہ منتقل کر دیا گیا ۔
ہلاک ہونے والے شخص کی شناخت لیاقت علی کے نام سے ہوگئی جو گوادر بلوچ وارڈ کا رہائشی ہے جبکہ خاتون کی حالت بھی تشویشناک بتائی جاتی ہے۔
علاوہ ازیں پسنی کے گہرے سمندر میں ماہیگیر ڈوب کر ہلاک ہوگیا۔
ہلاک ہونے والے ماہی گیر کی شناخت نصرم ولد سیٹھ نواب کے نام سے ہوگئی۔
ہلاک ماہی گیرکا تعلق پسنی کے علاقے چربندن سے بتایا جاتا ہے۔
واقعہ پسنی کی سمندری حدود ہفتلار کے قریب پیش آیا۔