پشین میں لیویز اہلکار قتل، ڈیرہ اللہ یار و بسیمہ میں روڈ حادثات سے 7 افراد ہلاک

0
122

بلوچستان کے علاقے پشین میں لیویز اہلکار نے فائرنگ کرکے اپنے ساتھی اہلکار کو قتل کردیاجبکہ ڈیرہ اللہ یار وبسیمہ میں روڈ حادثات سے خواتین و بچوں سمیت 7 افراد ہلاک ہوگئے۔

پشین میں لیویز اہلکار نے فائرنگ کرکے ساتھی اہلکار کو ہلاک کردیا اور فرارہوگیا۔

پشین کے علاقے یارو میں لیویز فورس کے اہلکار محمد یاسین نے سرکاری ایل ایم جی سے فائرنگ کرکے اپنے ہی ساتھی پشین لیویز فورس کے اہلکار جمشید خان ولد ملک حاجی عبدالواسیع کو ہلاک کردیا اور سرکاری اسلحہ سمیت فرار ہوگیا۔

ہلاک اہلکار کی لاش کو سول اسپتال پشین لانے کے بعد بغرض پوسٹ مارٹم سول ہسپتال کوئٹہ منتقل کردیاگیا۔

قتل کے واقعے کی وجہ معلوم نہ ہوسکی۔

واضح رہے کہ لیویز فورس کے مقتول اہلکار جمشید خان جمعیت علما اسلام کے رہنما ملک عبدالواسیع کاکڑ کے اکلوتے بیٹے تھے۔

دوسری جانب ڈیرہ اللہ یار میں قومی شاہراہ پر تبلیغی مرکز کے سامنے ڈیرہ مراد جمالی سے کراچی جانے والی تیز رفتار مسافر کوچ نے پیدل جانے والے افراد کو کچل ڈالا۔

المناک حادثے میں خاتون اور بچے سمیت ایک ہی خاندان کے 3 افرادہلاک ہوگئے۔

پولیس کے مطابق ہلاک ہونے والوں میں محمد اقبال، خاتون سبحانہ بی بی اور ایک سالہ بچہ عاصم شامل ہیں۔

حادثے کے بعد مسافر کوچ کا ڈرائیور کوچ سمیت جائے حادثہ سے فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا۔

اطلاع ملنے پر مقامی پولیس اور ریسکیو ٹیموں نے موقع پر پہنچ کر لاشوں کو ڈی ایچ کیو اسپتال ڈیرہ اللہ یار منتقل کر دیا ہے۔

علاوہ ازیں بسیمہ میں ایک المناک کار حادثے میں خواتین اور بچوں سمیت 4 افراد ہلاک اور تین شدید زخمی ہوگئے۔

بسیمہ کے علاقہ کینو کے چڑھائی پہ ایک کار کو خطرناک حادثہ پیش آیا ہے۔

حادثے میں خواتین اور بچوں سمیت 4 افراد ہلاک اور ایک بچی سمیت تین افراد شدید زخمی ہوئے ہیں۔

زخمیوں کی حالت تشویشناک بتائی جارہی ہے ۔

حادثے کا سبب ٹائر برسٹ ہونے کو بتایا جارہا ہے ۔

زخمی اور ہلاک افراد کاتعلق بسیمہ کے علاقے سیاہوزئی سے  بتایا جارہا ہے ۔

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here