جبری گمشدگیوں کا خاتمہ حکومت کی آئینی و قانونی ذمہ داری ہے، نصراللہ بلوچ

ایڈمن
ایڈمن
2 Min Read

وائس فار بلوچ مسنگ پرسنز (VBMP) کے زیر اہتمام جبری گمشدگیوں کے خلاف کوئٹہ پریس کلب کے سامنے قائم احتجاجی کیمپ 6411ویں روز بھی جاری رہی۔

اس دوران مختلف مکاتبِ فکر سے تعلق رکھنے والے افراد نے احتجاجی کیمپ کا دورہ کیا اور لاپتہ افراد کے لواحقین سے اظہارِ یکجہتی کیا۔

اس موقع پر وی بی ایم پی کے چیئرمین نصراللہ بلوچ نے کہا کہ جبری گمشدگیاں آئین اور قانون کی حکمرانی کے بنیادی اصولوں کے منافی ہیں۔ حکومت کی آئینی و قانونی ذمہ داری ہے کہ وہ شہریوں کے جان و مال اور بنیادی حقوق کا تحفظ یقینی بنائے اور جبری گمشدگیوں کے خاتمے کے لیے عملی اقدامات کرے۔

انہوں نے مطالبہ کیا کہ تمام لاپتہ افراد کو فوری طور پر بازیاب کرایا جائے، اور اگر کسی شخص پر کوئی الزام ہے تو اسے قانون کے مطابق عدالت میں پیش کرکے شفاف قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے۔ کسی بھی شہری کو قانونی تقاضے پورے کیے بغیر حراست میں رکھنا یا اس کے اہلِ خانہ کو اس کی حیثیت اور مقام سے بے خبر رکھنا قابلِ قبول نہیں۔

نصراللہ بلوچ نے کہا کہ حکومت لاپتہ افراد کے مسئلے کو سنجیدگی سے حل کرنے کے لیے مؤثر اقدامات کرے، متاثرہ خاندانوں کو انصاف اور معلومات کی فراہمی یقینی بنائے اور جبری گمشدگیوں کے واقعات کی تحقیقات کرکے ذمہ داروں کا تعین کرے۔

انہوں نے مزید کہا کہ جبری گمشدگیوں کا مستقل خاتمہ، لاپتہ افراد کی بازیابی اور متاثرہ خاندانوں کو انصاف کی فراہمی ریاست اور حکومت کی بنیادی ذمہ داری ہے۔

Share This Article