بلوچستان کے مرکزی شہر کوئٹہ میں وائس فار بلوچ مسنگ پرسنز کے زیر اہتمام جبری گمشدگیوں کیخلاف احتجاجی کیمپ جاری ہے جسے 5729 دن ہو گئے ۔
حق دو تحریک گوادر کے کونسلر اسلم بلوچ ،نزیر احمد بلوچ، بی ایم پی کے منظور رئیس بلوچ نے کیمپ آکر لواحقین سے اظہار یکجہتی کی ۔
وی بی ایم پی کے وائس چیئر مین ماما قدیر بلوچ نے کہا کہ بلوچستان میں جاری ظلم و جبر فوجی کارروائیاں بلوچوں کو جبری طور پر لاپتہ ومسخ شدہ لاشیں پھینکنے سمیت تمام تر انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں اس حقیقت سے جڑی ہیں کہ پاکستان بلوچ سرزمین پر قابض ہے ۔
انہوںنے کہا کہ گزشتہ تین روز سے قلات منگچر ، مچھ بولان میں ایف سی کی باری نفری موجود ہے جو کہ علاقے کو مکمل گھیرے میں لیے ہوئے ہیں۔ علاقے میں مقامی آبادی کو مسلسلہراساں کیا جارہا ہے۔ پورے آبادی میں خوف و ہراس کا ماحول ہے۔ لوگوں کو آنے جانے سے روکھا جارہا ہے۔ اور علاقے میں زندگی مکمل طور پر مفلوج ہو چکی ہے۔
ماما قدیر نے کہا کہ اہلکار علاقے میں مسلسل گشت کر رہے ہیں ،پورے علاقے میں ایک بہت بڑے آپریشن کی تیاری کی جا رہی ہے۔ بلوچستان بھر میں ایف سی اور خفیہ اداروں کی کارروائیاں شدت اختیار کرتی جا رہی ہیں۔ فورسز اپنی پے درپے ناکامیوں کو چھپانے کے لیئے مسلسل مقامی آبادی کو برائے راست اپنی کارروائیوں کا نشانہ بنا رہے ہیں لیکن اپنی تمام تر ظلم ستم کے با وجود پاکستانی فورسز اور خفیہ اداروں کو ناکامی کا سامنا ہے ۔
ماما قدیر بلوچ نے مزید کہا کہ بلوچ قومی تحریک کے خلاف مراعات اپنے گماشتہ سیاسی جماعتوں کو استعمال کرنے کے باوجود قومی تحریک عوامی حمایت اور بین الاقوامی توجہ حاصل کر چکی ہے جبکہ پاکستان بلوچستان میں مسلسل ناکامیوں کا شکار ہو رہا ہے۔ اقوام متحدہ کی جانب سے جبری لاپتہ بلوچوں کے معاملے میں اقدام ایک مثبت قدم ہے جس سے بلوچ قوم کے موقف کی تائید ہوتی ہے۔ جبکہ پاکستانی اداروں کی جانب سے حقائق سے چشم پوشی اور مسلسل جھوٹ کا سہارا لیا جارہا ہے ، اُن کی حقیقت دنیا کے سامنے آشکار ہو رہی ہے۔