بلوچ یکجہتی کمیٹی (BYC) کی جانب سے 20 نومبر 2026 کو جاری کردہ دو الگ الگ رپورٹس میں تمپ اور تربت میں جبری گمشدگی کے بعد دو نوجوانوں کے ماورائے عدالت قتل کی تفصیلات سامنے لائی گئی ہیں۔
بلوچ یکجہتی کمیٹی کے مطابق تمپ کے علاقے گومازی سے تعلق رکھنے والے 14 سالہ طالب علم قمبر ولد نذیر کو 3 ستمبر 2026 کو مند سے تمپ جاتے ہوئے آزیان کے قریب فرنٹیئر کور (FC) کے اہلکاروں نے جبری طور پر لاپتہ کیا تھا۔ دو ماہ سے زائد عرصے تک لاپتہ رہنے کے بعد 12 نومبر 2026 کو نہنگ کور کلاہو، تمپ میں دریا کے قریب سے ان کی مسخ شدہ لاش برآمد ہوئی۔
تنظیم کے مطابق قمبر کا قتل بلوچستان میں عام شہریوں اور بچوں کے عدم تحفظ کی سنگین صورتحال کو ظاہر کرتا ہے۔
بیان میں مزید کہا گیا کہ تربت کے علاقے شاپک سے تعلق رکھنے والے 28 سالہ طاہر رفیق ولد رفیق کو 25 اکتوبر 2026 کو دوپہر تقریباً 12:30 بجے راستے میں سفر کے دوران ڈیتھ اسکواڈ کے اہلکاروں نے جبری لاپتہ کیا، اور محض دو گھنٹے بعد سہ پہر تقریباً 3:00 بجے آپسر تربت کے علاقے شوانی کور سے ان کی لاش ملی۔
بی وائی سی کے مطابق طاہر رفیق ایک نجی اسکول میں منتظم (ایڈمنسٹریٹر) کے طور پر خدمات انجام دے رہے تھے اور اپنے غریب خاندان کے واحد کفیل تھے، جو ہر اتوار کو تربت سے اپنے والدین سے ملنے شاپک جاتے تھے۔
بی وائی سی نے کہا ہے کہ قتل کے بعد ملوث عناصر نے واقعے کو خودکشی کا رنگ دینے کے لیے مقتول کے ہاتھ میں پستول تھما دیا، تاہم جسم پر تشدد کے واضح نشانات اس دعوے کی نفی کرتے ہیں۔
بلوچ یکجہتی کمیٹی نے ان دونوں واقعات کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے اقوام متحدہ، قومی اور بین الاقوامی انسانی حقوق کی تنظیموں اور متعلقہ اداروں سے اپیل کی ہے کہ وہ بلوچستان میں جبری گمشدگیوں، ماورائے عدالت قتل اور جعلی مقابلوں کا فوری نوٹس لیں اور ان واقعات کی آزادانہ و شفاف تحقیقات کرا کے ذمہ داروں کا محاسبہ کریں۔