بلوچستان میں جبری گمشدگیوں کے خلاف وی بی ایم پی کے احتجاجی کیمپ کو 5644 دن ہوگئے ۔
پشتونخواہ نیشنل عوامی پارٹی عہدیداران نزیر اچکزئی، جاوید بلوچ، اشرف ترک، عثمان بڑیچ، جانان ملّاخیل اور یونس بڑیچ نے کیمپ آکر لواحقین سے اظہار یکجہتی کی ۔
وی بی ایم پی کے وائس چیئرمین ماما قدیر بلوچ نے کہاکہ پاکستان کی خفیہ اداروں کی تمام درندگی اور وحشیانہ اقدامات کے باجود بلوچ فرزندوں کے جذبات میں کمی کی بجائے مزید شدت اور قومی تحریک کی نمایاں کامیابی میں جہاں پاکستان کو ذہنی طور پر مفلوج کرکے نفسیاتی ہیجان میں مبتلا کردیاہے وہیں عالمی برادری بھی اس بات کا ادراک کر چکی ہے کہ جنوبی ایشیا جیسے اہم خطے امن وآشتی کاراز بلوچ قومی تحریک میں پوشیدہ ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ بلوچستان کی فضاکو اپنے لہو سے معطر کرنے والے قومی فرزندوں کی رنگت اور لازوال قربانیوں کی وجہ سے صبح صادق کے طلوع ہوتے سورج کو اپنی آنکھوں سے دیکھ کر دشمن کے اوسان خطاہوگئے ہیں ۔وہ تمام ترانسانی اقدار مروجہ اصولوں اور جنگی قوانین کو پا ئوں تلے روند کر اپنی فوج اور انٹیلی جنس اداروں کے ذریعے فرزندوں پر بے تحاشا ظلم ڈھاکر وحشت درندگی کی بدترین مثال قائم کرنے میں مصروف ہے۔مگر جبر دھونس دھمکیوں اور بے ضمیر غداروں کے ذریعے بلوچ قومی تحریک کو روکنے میں ناکامی کے بعد اب پاکستان نام نہاد لوگوں کے ذریعے بلوچ سرزمین پر اپنے پارلیمانی انتخاب کرا نے ، بلوچ پشتون قومی محکومی پر مہر ثبت کرنے کا خواب دیکھ کر اپنی اناکو تسکین پہنچانے کی لاحاصل کوششوں میں مصروف ہے ۔
ماما قدیر بلوچ نے کہاکہ تاریخ کے اوراق گواہ ہیں کہ قبضہ گیر کے تمام ادارے پارلیمنٹ عدلیہ نوکر شاہی فوج اور دیگر تمام ادارے محکوم قوم بلوچ پشتون سندھی کی بربادی سامان پیداکرکے اسکی محکومی کو برقرار رکھنے کیلئے ہی ہوتی ہیں۔ پاکستان بلوچستان کے سرزمین کا سودا کرنے کے خواہشمند چند بے ضمیر افراد کو بلوچ قومی نمائندہ ظاہر کرکے اور قوم پرستی کا لبادہ پہناکر اپنے پارلیمنٹ میں لے جاکر دنیا کو یہ تاثر دینا چاہتی ہے کہ بلوچ قوم اسکی قبضہ گیریت کے خلاف نہیں بلکہ انتخابی عمل میں حصہ لےکر پاکستان کے وجود کو اپنی مرضی ومنشاسے تسلیم کرلیاہے۔