افغانستان کے لیے امریکہ کے نمائندہ خصوصی زلمے خلیل زاد اور افغانستان میں نیٹو ریزولیوٹ اسپورٹ مشن کے سر براہ جنرل اسکاٹ ملر نے جمعرات کو راولپنڈی میں پاکستانی فوج کے سربراہ جنرل قمر جاود باجوہ سے ملاقات کی ہے۔
پاکستانی فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کی طرف سے جاری ایک بیان کے مطابق اس ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور، خطے میں امن و سلامتی، پاک افغان سرحد کا انتظام کار اور افغان امن عمل میں ہونے والی حالیہ پیش رفت کے بارے میں تبادلہ کیا گیا ہے۔
اس موقع پر افغانستان کے لیے پاکستان کے خصوصی نمائندے محمد صادق بھی موجود تھے۔ ملاقات میں امریکی عہدیداروں نے افغان امن عمل میں پاکستان کے مثبت کردارا کو سراہا۔
اسلام آباد میں امریکی سفارت خانے نے ایک بیان میں کہا ہے کہ 8 اکتوبر کو جنرل ملر کے ہمراہ دورہ پاکستان کے دوران پاکستانی فوج کی قیادت سے ہونے والی ملاقات میں سفیر خلیل زاد نے افغان امن عمل کو آگے بڑھانے پر وزیر اعظم عمران خان اور جنرل باجوہ کا شکریہ ادا کیا۔ اس موقع پر سفیر خلیل زاد اور جنرل باجوہ نے اس بات سے اتفاق کیا کہ بین الافغان مذاکرات افغانستان اور خطے میں امن کے حصول کا ایک تاریخی موقع ہے جسے ضائع نہیں ہونا چاہیے اور نہ ہی ماضی کو غلطیوں کو دہرایا جانا چاہیے۔
اس موقع پر وزیر اعظم عمران خان کے آئندہ دورہ افغانستان اور افغانستان میں امن معاہدہ طے پانے کے بعد پاکستان اور افغانستان کے تعلقات کے روڈ میپ کے بارے میں بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔
امریکی سفارت خانے کے بیان کے مطابق اس موقع پر سفیر خلیل زاد، جنرل ملر اور جنرل باجوہ نے ایک ایسے وقت میں افغانستان میں تشدد میں نمایاں کمی کی ضرورت کا اعادہ کیا جب افغان حکومت اور طالبان کے درمیان بات چیت آگے بڑھ رہی ہے۔