مطالبات پورے ہونے تک امریکا سے مذاکرات نہیں ہوں گے، ایران

ایڈمن
ایڈمن
2 Min Read

ایران کی پارلیمان کے سپیکر اور امریکہ کے ساتھ مذاکرات کے لیے ملک کے چیف مذاکرات کار محمد باقر قالیباف کا کہنا ہے کہ تہران کے مطالبات پورے ہونے تک کوئی مذاکرات نہیں ہوں گے۔

منگل کے روز پارلیمان میں خطاب کرتے ہوئے قالیباف کا کہنا تھا کہ ’ہم وہی بات کر رہے ہیں جو پہلے بھی کرتے آئے ہیں، ایران کی جانب سے عائد کردہ سات شرائط پر عمل درآمد سے پہلے نہ کوئی اقدام ہو گا اور نہ ہی مذاکرات۔‘

انھوں نے کہا کہ ’اگر دشمن نے کوئی غلطی کی تو ہم اس کی کارروائیوں کا فیصلہ کن جواب دینے اور جنگ کے جغرافیے کو تبدیل کرنے کے لیے تیار ہیں۔‘

ایران کا کہنا ہے کہ اس نے امریکہ کو ایک منصوبہ پیش کیا ہے جس میں سات مطالبات شامل ہیں۔

تہران کے مطابق اگر ان شرائط کو پورا کر دیا گیا تو اس مدت کے اختتام پر آبنائے ہرمز کھول دی جائے گی اور مستقل معاہدے کے لیے امریکہ کے ساتھ مذاکرات شروع کیے جائیں گے۔

ایران کی شرائط میں ’تمام محاذوں‘ پر جنگ کا خاتمہ، لبنان پر اسرائیلی حملے بند کرنے، ایران کی بحری ناکہ بندی کا خاتمہ، اور ایران کے خلاف امریکی پابندیوں کا اٹھایا جانا شامل ہے۔

ایران کے وزیر خارجہ عباس عراقچی نے حال ہی میں کہا تھا کہ اگر امریکہ تہران کے مطالبات مان لے تو آبنائے ہرمز کو دو دن کے اندر دوبارہ کھولا جا سکتا ہے۔

ایران اور امریکہ دونوں کا دعویٰ ہے کہ آبنائے ہرمز پر ان کا مکمل کنٹرول ہے۔

Share This Article