انڈیا کی فضائیہ کے سربراہ ایئر چیف مارشل آشوتوش دکشت نے 16 نومبر کو کہا ہے کہ تاخیر کا شکار مقامی طور پر تیار کیا جانے والا لائٹ کامبیٹ ایئرکرافٹ (ایل سی اے) ایم کے-1 اے موجودہ مالی سال 2026-27 کے دوران ملک کی فضائیہ میں شامل کر لیا جائے گا۔ ہندوستان ٹائمز کے مطابق اس طیارے پر مشتمل ایک مکمل اسکواڈرن بھی فضائیہ کا حصہ بننے کی توقع ہے۔
ایم کے-1 اے طیارہ ریٹائرڈ مگ-21 جنگی طیاروں کی جگہ لے گا اور لڑاکا طیاروں کی کمی کا سامنا کرنے والی انڈین فضائیہ کے لیے ایک اہم منصوبہ سمجھا جا رہا ہے۔
انڈین فضائیہ نے ہندوستان ایروناٹکس لمیٹڈ (ایچ اے ایل) کو مجموعی طور پر 11.72 ارب امریکی ڈالر مالیت کے دو معاہدوں کے تحت 180 ایم کے-1 اے طیاروں کا آرڈر دیا ہے۔
یہ طیارہ تاخیر کا شکار ہونے کے بعد اب بالآخر فضائیہ میں شامل ہونے کے قریب ہے اور آشوتوش دکشت کے دورِ سربراہی میں سروس میں شامل ہونے والا پہلا جنگی طیارہ ہوگا
انڈین فضائیہ کے سربراہ کا مزید کہنا تھا کہ ’مقامی سطح پر ایسا جنگی طیارہ بنانا جو مکمل طور پر ملک میں ہی ڈیزائن کیا گیا ہو، تیار کیا گیا ہو اور آزمایا گیا ہو، ایک بڑا چیلنج ہے اور دنیا کے صرف چند ممالک ہی یہ کامیابی حاصل کر سکے ہیں۔‘