مشرق وسطیٰ تنازع، پاکستانی معیشت کی تباہی اور ہوشربا مہنگائی کا خدشہ

ایڈمن
ایڈمن
4 Min Read

سٹیٹ بینک آف پاکستان نے مالی سال 2027 کے دوران ملک کی معاشی شرح نمو 3.5 سے 4.5 فیصد رہنے کی پیش گوئی برقرار رکھی ہے، تاہم خبردار کیا ہے کہ مشرق وسطیٰ میں جاری تنازع اور توانائی کی قیمتوں میں اضافے سے معاشی امکانات متاثر ہو سکتے ہیں۔

سٹیٹ بینک نے مالی سال 2026 کی سالانہ رپورٹ میں کہا ہے کہ پاکستان کی معیشت مالی سال 2027 میں 2022 کے روس یوکرین تنازع کے دوران پیدا ہونے والی صورت حال کے مقابلے میں زیادہ مستحکم بنیادوں پر داخل ہوئی ہے۔

اس کی وجوہات میں عالمی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) کے ساتھ مسلسل رابطہ، مالی اور بیرونی شعبوں میں بہتر گنجائش اور حالیہ عرصے میں ملک کی خودمختار کریڈٹ ریٹنگ میں بہتری شامل ہیں۔

رپورٹ کے مطابق گزشتہ عرصے میں شرح سود میں کمی کے اثرات، مقامی طلب میں بحالی اور صنعتی سرگرمیوں کے فروغ کے لیے حالیہ حکومتی اقدامات سے مالی سال 2027 میں معاشی سرگرمیوں کی رفتار برقرار رہنے کی توقع ہے۔

تاہم مرکزی بینک نے معیشت کو درپیش کئی خطرات کی نشاندہی کی ہے۔

ان میں مشرق وسطیٰ میں طویل عرصے تک جاری رہنے والا تنازع، خلیجی ممالک سے ترسیلات زر میں کمی، ایل نینو کے باعث فصلوں کو ممکنہ نقصان اور بھارت اور یورپی یونین کے درمیان آزاد تجارتی معاہدے کے پاکستانی برآمدات پر اثرات شامل ہیں۔

سٹیٹ بینک کے مطابق مشرق وسطیٰ میں تنازع طویل ہونے اور توانائی کی قیمتوں میں اضافے سے سپلائی چین متاثر ہو سکتی ہے، جس کے نتیجے میں پیداواری لاگت بڑھے گی اور ملکی معاشی سرگرمیوں پر دباؤ پڑے گا۔

رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ خلیج تعاون کونسل (جی سی سی) کے ممالک کی معاشی صورت حال بھی پاکستان آنے والی ترسیلات زر کو متاثر کر سکتی ہے۔

اسی طرح خطے میں کشیدگی عالمی معاشی ترقی اور پاکستانی برآمدات کی بیرونی طلب کو کم کر سکتی ہے۔

سٹیٹ بینک نے پیش گوئی کی ہے کہ توانائی کی عالمی قیمتوں میں اضافے کے اثرات کے باعث مالی سال 2027 میں مہنگائی مرکزی بینک کے درمیانی مدت کے پانچ سے سات فیصد کے ہدف سے زیادہ رہے گی۔

رپورٹ کے مطابق رواں مالی سال کے دوران اوسط مہنگائی 5.5 سے 7.5 فیصد رہنے کا امکان ہے، جبکہ گزشتہ مالی سال میں یہ شرح 7.1 فیصد رہی تھی۔

مرکزی بینک کا کہنا ہے کہ عالمی سطح پر توانائی کی قیمتوں میں اضافے کے براہ راست اور بالواسطہ اثرات ملک میں مہنگائی بڑھا سکتے ہیں۔

سٹیٹ بینک کے مطابق عالمی منڈی میں اجناس کی قیمتوں میں اتار چڑھاؤ کے اثرات کو منظم کرنے کے لیے حکومت نے مارچ میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں پر نظرثانی کا دورانیہ دو ہفتے سے کم کرکے ایک ہفتہ کیا، جبکہ جولائی سے روزانہ بنیادوں پر قیمتوں میں ردوبدل کا نظام متعارف کرایا گیا۔

اس اقدام کا مقصد عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں تبدیلی کا اثر مقامی قیمتوں میں بتدریج اور زیادہ متوازن انداز میں منتقل کرنا ہے، تاکہ اچانک بڑے اضافے سے بچا جا سکے۔

حکومت نے غذائی اشیا کی فراہمی بہتر بنانے کے لیے گندم کی درآمد کی بھی اجازت دی ہے۔

سٹیٹ بینک کے مطابق پیداواری لاگت میں اضافے سے بنیادی مہنگائی میں کمی کا عمل سست ہو سکتا ہے، تاہم محتاط مالیاتی پالیسی کے تسلسل سے مہنگائی کی توقعات کو قابو میں رکھنے میں مدد ملے گی۔ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ ان حالات کے پیش نظر مالی سال 2027 میں مہنگائی درمیانی مدت کے مقررہ ہدف سے زیادہ رہنے کا امکان ہے۔

Share This Article