قندھار میں ریڈیو سٹیشنز کو کرکٹ سے متعلق مواد نشر نہ کرنے کی ہدایت

ایڈمن
ایڈمن
2 Min Read

افغانستان کے صوبے قندھار میں طالبان حکومت کے حکام نے ریڈیو سٹیشنز کو کرکٹ سے متعلق کوئی بھی مواد نشر کرنے سے روک دیا ہے۔

فرانسیسی خبر رساں ایجنسی اے ایف پی کے مطابق دو ریڈیو سٹیشنز کے عہدیداروں اور صوبائی ذرائع نے اتوار کو اس پابندی کی تصدیق کی ہے۔

قندھار طالبان رہنما ملا ہیبت اللہ اخوندزادہ کا آبائی شہر ہے۔ طالبان حکومت اس سے قبل کرکٹ کی حمایت کرتی رہی ہے اور اقتدار میں واپسی کی سالگرہ کی تقریبات کے دوران کرکٹ میچز بھی منعقد کروا چکی ہے۔

اے ایف پی کے مطابق قندھار کے محکمۂ اطلاعات و ثقافت نے گذشتہ روز ریڈیو سٹیشنز کو بتایا کہ اب وہ کرکٹ سے متعلق کوئی مواد نشر نہیں کر سکتے۔

محکمے کے ایک اہلکار نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر اے ایف پی کو اس پابندی کی تصدیق کی۔ ان کے مطابق صرف میچوں کی کمنٹری ہی نہیں بلکہ کرکٹ کی خبریں اور میچوں میں کامیابی سے متعلق رپورٹس نشر کرنے پر بھی پابندی عائد کی گئی ہے۔

ایک مقامی ریڈیو سٹیشن کے سربراہ نے اے ایف پی کو بتایا کہ انھیں محکمۂ اطلاعات و ثقافت کی جانب سے فون کر کے کہا گیا کہ وہ اب ریڈیو پر کرکٹ کی کوریج نہیں کر سکتے۔

اس پابندی کی وجہ تاحال واضح نہیں، تاہم یہ ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب افغانستان کی مردوں کی قومی کرکٹ ٹیم متحدہ عرب امارات کے شہر شارجہ میں زمبابوے کے خلاف دوسرا ٹیسٹ میچ کھیل رہی ہے۔ اس کے علاوہ افغانستان کی کرکٹ اے ٹیم، جسے عبدالیان بھی کہا جاتا ہے، حال ہی میں یوتھ ایشیا کپ میں شرکت کے لیے قطر گئی ہے۔

طالبان حکومت افغانستان میں ایم ایم اے سمیت بعض مارشل آرٹس اور کھیلوں کی سرگرمیوں پر پابندیاں عائد کر چکی ہے، تاہم لڑکوں کو کرکٹ کھیلنے کی اجازت ہے۔

دوسری جانب خواتین اور لڑکیوں کو کھیلوں میں حصہ لینے اور سپورٹس کلبز جانے کی اجازت نہیں ہے۔

Share This Article