بنگلہ دیش کی سابق وزیرِاعظم شیخ حسینہ کا 16 دسمبر کو وطن واپسی کا اعلان

ایڈمن
ایڈمن
2 Min Read

بنگلہ دیش کی سابق وزیرِاعظم شیخ حسینہ نے 16 دسمبر کو وطن واپس آنے کا ارادہ ظاہر کیا ہے۔ وہ اگست سنہ 2024 میں اقتدار سے ہٹائے جانے کے بعد سے انڈیا کے دارالحکومت دہلی میں جلاوطنی کی زندگی گزار رہی ہیں۔

ان کے ترجمان کے مطابق شیخ حسینہ نے بنگلہ دیشی حکومت سے انھیں ڈھاکہ واپس لانے کے لیے پرواز کا انتظام کرنے کو کہا ہے۔

یہ اعلان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب بنگلہ دیش میں ایک بار پھر بدامنی جاری ہے اور شیخ حسینہ کی جماعت عوامی لیگ کے حامیوں نے اس کی سرگرمیوں پر پابندی کے باوجود مظاہرے کیے ہیں۔

تاہم ان کی واپسی کا طریقہ واضح نہیں۔ گذشتہ سال بنگلہ دیش کی ایک عدالت نے طلبہ کے احتجاج کے دوران مہلک کریک ڈاؤن سے متعلق انسانیت کے خلاف جرائم کے الزام میں شیخ حسینہ کو غیرحاضری میں سزائے موت سنائی تھی۔ وہ ان الزامات کی تردید کرتی ہیں۔

بنگلہ دیش کے وزیرِ مملکت برائے خارجہ امور ہمایوں کبیر نے کہا ہے کہ شیخ حسینہ عام مسافر کی حیثیت سے وطن واپس نہیں آ سکیں گی بلکہ انھیں ’ہتھکڑیوں میں واپس لایا جائے گا‘۔

انھوں نے شیخ حسینہ اور دہلی پر بنگلہ دیش میں حالیہ بدامنی کو ہوا دینے اور ’دہشت گردانہ سرگرمیوں‘ کی حمایت کا الزام بھی عائد کیا۔

انڈیا کی وزارتِ خارجہ نے اس الزام پر تبصرے کی درخواست کا فوری جواب نہیں دیا۔ وزارت نے اپریل میں کہا تھا کہ وہ شیخ حسینہ کی حوالگی سے متعلق بنگلہ دیش کی درخواست کا جائزہ لے رہی ہے اور نئی حکومت کے ساتھ تعمیری رابطے اور دوطرفہ تعلقات مضبوط بنانے کی خواہش رکھتی ہے۔

Share This Article