کوئٹہ میں فائرنگ سے جیکب آباد کا رہائشی ہلاک،بلیدہ کے رہائشی پولیس کانسٹیبل اغوا

ایڈمن
ایڈمن
1 Min Read

بلوچستان کے مرکزی شہر کوئٹہ میں منگلی روڈ پر نامعلوم افراد کی فائرنگ سے جیکب آباد کا رہائشی ہلاک ہوگیا جبکہ بلیدہ کے رہائشی پولیس کانسٹیبل کو اغواکرلیا گیا ہے۔

کوئٹہ میں تھانہ صدر کے علاقے سمنگلی روڈ پر دارو خان اسکیم کے قریب نامعلوم افراد نے فائرنگ کرکے ایک شخص کو قتل کردیا۔

پولیس کے مطابق فائرنگ کے نتیجے میں گل زمان ولد خادم حسین کھوسہ، سکنہ جیکب آباد، موقع پر ہلاک ہوگیا۔

واقعے کے بعد پولیس نے موقع پر پہنچ کر شواہد اکٹھے کیے اور ملزمان کی تلاش شروع کردی۔

دوسری جانب بلیدہ کے رہائشی پولیس کانسٹیبل کو اغوا کرلیا گیا ہے ۔

بلیدہ کے رہائشی ذاکر ولد غلام قادر جو ہوشاب تھانے میں کانسٹیبل کے فرائض انجام دے رہے تھے، ڈیوٹی ختم کرنے کے بعد اپنی ذاتی گاڑی میں تربت سٹی کی جانب روانہ تھے۔

ذرائع کے مطابق ہیرونک کراس کے مقام پر نامعلوم موٹر سائیکل سوار مسلح افراد نے انہیں اسلحے کے زور پر روک لیا اور گاڑی سمیت مبینہ طور پر اغوا کرکے نامعلوم مقام کی جانب لے گئے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ واقعے کے بعد سے ذاکر تاحال لاپتہ ہیں۔

سنگر نیوز واٹس ایپ چینل بلوچستان کی تازہ ترین، موثق اور لمحہ بہ لمحہ خبروں سے باخبر رہنے کے لیے ہمارے واٹس ایپ چینل کو فالو کیجیے۔
Share This Article