افغانستان کے وزراتِ خارجہ کے ترجمان عبدالقہار بلخی نے سری لنکا بھیجی جانے والے منشیات کو افغانستان سے منسلک کیے جانے کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ اسے ممکنہ طور پر پاکستان میں بنایا گیا تھا۔
انھوں نے سوشل میڈیا سائٹ ایکس پر ایک پوسٹ میں کہا کہ ’اسلام آباد میں امریکی سفارت خانے کی جانب سے پاکستان میں امریکہ اور پاکستان کی مشترکہ کارروائی کے دوران سری لنکا بھیجے جانے والے مصنوعی منشیات کے ایک کارگو کو ’افغان نژاد‘ قرار دینا بے بنیاد اور سیاسی محرکات پر مبنی الزام ہے۔
ان کا مزید کہنا تھاگ کہ ’اسلامی امارت افغانستان نے ملک میں ہر قسم کی منشیات کی پیداوار، سمگلنگ اور استعمال پر مکمل پابندی عائد کر رکھی ہے۔ اس کے برعکس، افغانستان میں پابندی نافذ ہونے کے بعد ڈیورنڈ لائن کے دوسری جانب منشیات کی کاشت، پیداوار اور سمگلنگ میں نمایاں اضافہ ہوا ہے۔‘
انھوں نے لکھا ’افغانستان نہ صرف منشیات پر پابندی عائد کر چکا ہے بلکہ اس کے پاس مصنوعی منشیات تیار کرنے کی صلاحیت بھی موجود نہیں۔ مزید برآں، ڈیورنڈ لائن پر موجود سرحدی گزرگاہیں تقریباً ایک سال سے ہر قسم کی آمد و رفت کے لیے بند ہیں۔‘
انھوں نے زور دیا کہ ’لہٰذا ہم امریکی سفارتخانے سے مطالبہ کرتے ہیں کہ وہ ضبط کی گئی منشیات کی اصل ماخذ پاکستان میں تلاش کرے اور دوسروں کے پروپیگنڈے کا ذریعہ بننے سے گریز کرے۔‘
یاد رہے کہ جمعرات کو امریکی سفرا،حانے نے ایکس پر پوسٹ کیا تھا کہ ’امریکی ڈرگ انفورسمنٹ ایجنسی اور پاکستان کی انسدادِ منشیات فورس نے سری لنکا بھیجی جانے والی 463 کلوگرام افغان نژاد کرسٹل میتھ، جس کی مالیت 2 کروڑ 10 لاکھ ڈالر بتائی گئی ہے، ضبط کر لی۔ اس کارروائی کے دوران متعدد گرفتاریاں بھی عمل میں آئیں۔‘
پوسٹ کے مطابق ’اس مشترکہ کارروائی نے یہ ظاہر کیا کہ پاکستانی اداروں کے لیے جاری امریکی تربیتی پروگرام بین الاقوامی منشیات سمگلنگ کے نیٹ ورکس کو توڑنے اور مقامی آبادیوں کے ساتھ ساتھ امریکہ کو بھی زیادہ محفوظ بنانے میں مدد دے رہے ہیں۔‘
اس سے پہلے بھی پاکستان میں انسداد منشیات کے حکام کا کہنا تھا کہ انھوں نے ایک بڑی کارروائی میں پاکستان اور سری لنکا کے درمیان منشسیات سمگل کرنے والے نیٹ ورک کے خلاف کارروائی میں نہ صرف بڑی مقدار میں منشیات قبضے میں لی ہے بلکہ گرفتاریاں بھی عمل میں آئی ہیں۔
اینٹی نارکوٹکس فورس کی جانب سے جاری بیان کے مطابق اے این ایف پاکستان کے تعاون سے سری لنکا کے دارالحکومت کولمبو میں افغان منشیات سمگلنگ نیٹ ورک کے خلاف مشترکہ کارروائی کے دوران کراچی اور کولمبو بندرگاہوں پر مجموعی طور پر 671 کلوگرام میتھ ایمفیٹامائن (آئس) قبضے میں لے لی گئی، جبکہ نیٹ ورک سے تعلق رکھنے والے متعدد افراد کو بھی گرفتار کر لیا گیا۔