بلوچستان کے مرکزی شہر کوئٹہ میں گزشتہ شب نامعلوم مسلح افراد نے فائرنگ کرکے بلوچستان نیشنل پارٹی (مینگل) کے ورکر عارف مینگل کو قتل کردیا۔
فائرنگ کا واقعہ کوئٹہ کے علاقے ویسٹرن بائی پاس پر پیش آیا، جس کے خلاف لواحقین اور پارٹی کارکنوں نے ویسٹرن بائی پاس پر دھرنا دے دیا۔
یاد رہے کہ کوئٹہ و بلوچستان کے دیگر علاقوں میں اس سے قبل بھی بی این پی مینگل رہنماء اور ورکر قتل ہوئے، جہاں پارٹی کی جانب سے کارکنان و پارٹی ذمہ داران کے قتل کا الزام ریاستی سیکورٹی فورسز اور مقامی ڈیتھ اسکواڈز پر عائد کیا جاتا رہا ہے۔
دوسری جانب رات گئے ضلع سبی کے علاقے بختیار آباد میں نامعلوم مسلح افراد نے نیشنل پارٹی کے رہنما اور سابق ایم پی اے یاسمین لہڑی کے والد نور احمد لہڑی کو ان کے گاؤں، موضع حسین آباد سے اغوا کرلیا۔
پولیس انتظامیہ نے جائے وقوعہ پر پہنچ کر واقعے کا نوٹس لے لیا، تاہم اغوا کاروں کے بارے میں تاحال کوئی تفصیلات سامنے نہیں آ سکی ہیں۔
نیشنل پارٹی نے نور احمد لہڑی کے اغوا کی تصدیق کرتے ہوئے ان کی فوری اور محفوظ بازیابی کا مطالبہ کیا ہے۔
واقعے کے بعد علاقے میں تشویش کی لہر دوڑ گئی ہے، جبکہ قانون نافذ کرنے والے اداروں کی جانب سے تاحال اس حوالے سے کوئی باضابطہ مؤقف سامنے نہیں آیا۔