بلوچستان کے علاقے واشک میں مین بازار میں نامعلوم مسلح افراد کی فائرنگ کے نتیجے میں بی این پی واشک کے سینئر رہنما خلیل کبدانی ولد مولوی نور محمد ہلاک ہوگئے۔دوسری جانب تربت کے علاقے گوگدان سے مسلح افراد نے ایک نوجوان کو اغوا کرلیا۔
واشک سے پولیس ذرائع کے مطابق واقعہ اس وقت پیش آیا جب خلیل کبدانی اپنی دکان پر موجود تھے۔
حملہ آور فائرنگ کے بعد موقع سے فرار ہوگئے۔
پولیس نے واقعے کی تحقیقات شروع کر دی ہیں، تاہم قتل کی وجوہات تاحال معلوم نہیں ہوسکیں۔
علاقے میں سیکیورٹی سخت کر دی گئی ہے جبکہ ملزمان کی تلاش جاری ہے۔
دوسری جانب ضلع کیچ کےمرکزی شہر تربت کے علاقے گوگدان سے نامعلوم مسلح افراد نے ایک نوجوان کو اغوا کرلیا ۔
تربت کے نواحی علاقے گوگدان سے ایک نوجوان کو نامعلوم مسلح افراد اپنے ساتھ لے گئے جس کے بعد وہ لاپتہ ہے۔
مقامی ذرائع کے مطابق کرولا گاڑی میں سوار مسلح افراد نے گوگدان کے مین روڈ پر واقع مارکیٹ کے سامنے بیٹھے ہوئے ایک نوجوان کو زبردستی گاڑی میں بٹھا کر نامعلوم مقام کی جانب منتقل کر دیا۔
مغوی نوجوان کی شناخت نجیب احمد ولد عبدالطیف سکنہ گوگدان کے نام سے ہوئی ہے۔
واقعے کے محرکات تاحال معلوم نہیں ہو سکے ۔