ڈاکٹر ماہ رنگ بلوچ اور صبغت اللہ شاہ جی کی عمر قید کے فیصلے کے خلاف بلوچستان ہائی کورٹ میں اپیل دائر

ایڈمن
ایڈمن
2 Min Read

بلوچ یکجہتی کمیٹی ( بی وائی سی )کے رہنماؤں کی وکلا ٹیم نے ڈاکٹر ماہ رنگ بلوچ اور صبغت اللہ شاہ جی کو سنائی گئی عمر قید کی سزا کے خلاف آج مورخہ 6 جولائی کو بلوچستان ہائی کورٹ میں اپیل دائر کر دی ہے۔

اس سلسلے میں بی وائی سی کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ بلوچ یکجہتی کمیٹی یہ واضح کرتی ہے کہ یہ فیصلہ غیر منصفانہ ہے اور انصاف کے تقاضوں سے ہم آہنگ نہیں۔ دو سال قبل قتل کا متنازع مقدمے میں بغیر کسی ثبوت کے فیس لیس ٹرائیل کے ذریعے صرف ایک دن کے اندر فیصلہ سنانا اس بات کو عیاں کرتا ہے کہ یہ محض سیاسی انتقام کے لیے رچایا گیا ڈرامہ ہے۔ آج اس فیصلے کو چیلنج کرتے ہوئے بلوچستان ہائی کورٹ سے اسے کالعدم قرار دینے اور انصاف کی فراہمی کی استدعا کی گئی ہے۔

بیان میں کہا گیا کہ ڈاکٹر ماہ رنگ بلوچ اور صبغت اللہ شاہ جی کے مقدمے میں انسدادِ دہشت گردی عدالت (اے ٹی سی) کی جانب سے سنایا گیا فیصلہ غیر منصفانہ ہے، جس سے یہ تاثر مزید مضبوط ہوا ہے کہ بلوچستان میں انصاف کی فراہمی شدید دباؤ اور محدودیت کا شکار ہے۔

بیان میں مزید کہا گیا کہ بلوچ یکجہتی کمیٹی بین الاقوامی اداروں، انسانی حقوق کی تنظیموں اور آزاد مبصرین سے اپیل کرتی ہے کہ وہ بلوچستان ہائی کورٹ میں بلوچ یکجہتی کمیٹی کے رہنماؤں کے زیرِ سماعت مقدمے کی براہِ راست نگرانی اور مشاہدہ یقینی بنائیں، تاکہ عدالتی کارروائی شفاف انداز میں آگے بڑھے اور انصاف کے تقاضوں پر کسی بھی قسم کے دباؤ یا مداخلت کا اثر نہ پڑنے دیا جائے۔

سنگر نیوز واٹس ایپ چینل بلوچستان کی تازہ ترین، موثق اور لمحہ بہ لمحہ خبروں سے باخبر رہنے کے لیے ہمارے واٹس ایپ چینل کو فالو کیجیے۔
Share This Article