سوراب و پنجگور میں شاہراہوں پر مسلح افراد کی ناکہ بندی ،سبی سے پولیس اہلکار کی لاش برآمد

ایڈمن
ایڈمن
4 Min Read

بلوچستان کے علاقے سوراب اور پنجگور سے اطلاعات موصول ہوئی ہیں کہ مرکزی شاہراہوں پر مسلح افراد ناکہ بندی کرکے اسنیپ چیکنگ کر رہے ہیں جبکہ سبی سے ایک پولیس اہلکار کی لاش برآمدہوئی ہے۔

سوراب میں کوئٹہ کراچی مرکزی شاہراہ پر مل مدرسہ کے قریب آج نامعلوم مسلح افراد نے روڈ بلاک کر کے ناکہ بندی کر دی اور گاڑیوں کی اسنیپ چیکنگ شروع کر دی۔

ذرائع کے مطابق مسلح افراد نے شاہراہ پر مختلف مقامات پر ناکہ بندی کرتے ہوئے آنے جانے والی گاڑیوں کی جانچ پڑتال کی۔

دوسری جانب کل رات ایک علیحدہ واقعے کی اطلاعات بھی سامنے آئی ہیں۔ ذرائع کے مطابق سوراب شہر میں ایک مسلح افراد کی جانب سے پولیس تھانے پر حملہ کیا گیا، جس کے نتیجے میں تھانے کے کنٹرول، سرکاری اسلحہ اور گاڑیوں پر قبضے کے دعوے کیے جا رہے ہیں۔

ذرائع یہ بھی بتاتے ہیں کہ کمک کے لیے آنے والی پاکستانی فورسز کی گاڑیوں کو گھات لگا کر نشانہ بنایا گیا، جبکہ ایک بکتر بند گاڑی کو نقصان پہنچنے کی اطلاعات ہیں۔

ابتدائی اطلاعات کے مطابق اس واقعے میں کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی، تاہم عمارت کو نقصان پہنچا ہے۔

علاقہ مکینوں کے مطابق رات گئے اچانک فائرنگ اور دھماکوں کی آوازیں سنائی دیں جو وقفے وقفے سے کافی دیر تک جاری رہیں۔

اسی طرح ضلع پنجگور میں مختلف مقامات پر ناکہ بندی اور ٹرالر گاڑی پر فائرنگ سمیت حکومتی حمایت یافتہ ارکان پر مسلح حملے کے واقعات پیش آئے ہیں۔

گذشتہ روز پنجگور – چیدگی روٹ پر زراعت کے مقام پر مسلح افراد نے ناکہ بندی کرکے چیکنگ جاری رکھی۔ اس دوران ایک ٹرالر گاڑی کے ٹائروں پر فائر کرکے اس کو نقصان پہنچایا گیا۔

دریں اثناء پروم کے مقام پر مسلح افراد نے سرکاری حمایت یافتہ ارکان کو اس وقت حملے میں نشانہ بنایا جب وہ چار گاڑیوں میں نقل و حرکت کررہے تھے۔

علاقائی ذرائع کے مطابق ایک گاڑی براہ راست حملے کی زد میں آئی جس کے نتیجے میں نقصانات کا خدشہ ہے۔ فائرنگ کے واقعے کے بعد علاقے میں فورسز کی بھاری نفری بھی پہنچی جہاں دیر تک فائرنگ کا تبادلہ جاری رہے۔

حکام نے تاحال اس حوالے سے کوئی تفصیلات فراہم نہیں کی ہے۔

دوسری جانب سبی میں ایئرپورٹ روڈ کے قریب پولیس اہلکار کی لاش برآمد ہوئی جس کی شناخت ابتدائی طور پر اے ایس آئی نہال خان ابڑو کے نام سے ہوئی جو کچھی پولیس کے ملازم تھے ۔

ذرائع کے مطابق نہال خان ابڑو تین روز قبل ڈھاڈر سے سبی جا رہے تھے تاہم راستے میں ڈھاڈر اور سبی کے درمیان ان کا موبائل فون بند ہوگیا تھا جس کے بعد سے وہ لاپتہ تھے۔

اہل خانہ اور رشتہ داروں کی جانب سے انہیں تلاش کیا جا رہا تھا جبکہ تین روز بعد سبی ایئرپورٹ روڈ کے علاقے سے ایک لاش ملی جس کی شناخت نہال خان ابڑو کے طور پر کی گئی ہے .

واقعہ کی اطلاع ملتے ہی متعلقہ اداروں نے لاش کو اپنی تحویل میں لے کر مزید کارروائی شروع کر دی ہے واقعے کی وجوہات اور موت کے محرکات جاننے کے لیے پولیس تحقیقات کررہی ہے۔

سنگر نیوز واٹس ایپ چینل بلوچستان کی تازہ ترین، موثق اور لمحہ بہ لمحہ خبروں سے باخبر رہنے کے لیے ہمارے واٹس ایپ چینل کو فالو کیجیے۔
Share This Article