بلوچستان کے علاقے ہرنائی میں کوئلہ کان میں حادثے سے 2 کانکن ہلاک ہوگئے جبکہ اوستہ محمد سے ایک لاپتہ بچے کی لاش برآمدہوئی ہے۔
ہرنائی کے علاقے شاہرگ میں کوئلے کی کان کے اندر مٹی کا تودا گرنے کے نتیجے میں 2 کانکن موقع پر ہلاک ہوگئے۔
پولیس ذرائع سے ملنے والی اطلاعات کے مطابق حادثہ شاہرگ کول مائنز ایریا میں واقع پانچ نمبر پہاڑ کے مقام پر ایک کوئلہ کان کے اندر اس وقت پیش آیا جب کانکن روزمرہ کی طرح گہرائی میں کھدائی کے کام میں مصروف تھے کہ اچانک مٹی کا ایک بھاری تودا ان کے اوپر آ گرا۔
حادثے کی اطلاع ملتے ہی مقامی ریسکیو ٹیمیں، ساتھی کانکن اور پولیس کی نفری فوری طور پر جائے وقوعہ پر پہنچ گئی۔
دونوں ہلاک کانکنوں کی لاشوں کو شناخت کے لیے قریبی اسپتال منتقل کیا گیا۔
اوستا محمد کے نواحی علاقے میں گزشتہ دو روز سے لاپتہ 8 سالہ بچے کی نہر سے لاش برآمد ہوئی ہے۔
پولیس اور خاندانی ذرائع کے مطابق، گوٹھ میر چاکر خان جمالی کے رہائشی 8 سالہ محمد یاسین ولد نور محمدبرڑو دو روز قبل گھر سے لاپتا ہوگیا تھا،لاش اوستا محمد کے قریب واقع ‘ہدیرو شاخ (نہر) میں تیرتی ہوئی پائی گئی۔
پولیس نے نہر سے لاش نکال کر اپنی تحویل میں لیکر قانونی کارروائی اور پوسٹ مارٹم کے بعد ورثا کے حوالے کردی۔